چیمپئنز ون ڈے کپ کے دوسرے میچ میں اسٹالیئنز نے لائنز کو 133 رنز سے شکست دے دی۔فاتح ٹیم کی طرف سے بننے والی چار نصف سنچریوں نے اس جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے گئے میچ میں اسٹالیئنز کے کپتان محمد حارث نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ اسٹالیئنز نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 336 رنز اسکور کیے۔
لائنز جواب میں 39.3 اوورز میں 203 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔اسٹالیئنز کی اننگز میں بابراعظم 79 گیندوں پر 76 رنز اسکور کرکے شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ ان کی اننگز میں 9 چوکے شامل تھے۔ انہوں نے طیب طاہر کے ساتھ تیسری وکٹ کی شراکت میں 114 رنز کا اضافہ کیا۔
طیب طاہر نے 2 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 74 رنز کی اننگز کھیلی۔کپتان محمد حارث نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 36 گیندوں پر 4 چوکوں اور4 چھکوں کی مدد سے 55 رنز بنائے۔ انہوں نے حسین طلعت کے ساتھ پانچویں وکٹ کی شراکت میں 88 رنز کا اضافہ کیا۔
حسین طلعت 50 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے جس میں 6 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ شان مسعود نے 41 رنز اسکور کیے۔لائنز کی طرف سے عامر جمال نے 60 اور شاہین آفریدی نے 63 رنز دے کر 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔لائنز کی اننگز ابتدا ہی سے مشکلات کا شکار رہی اور صرف 22 رنز کے مجموعی اسکور پر تین بیٹرز سجاد علی ہاشمی، عبداللہ شفیق اور عمیر بن یوسف آؤٹ ہوگئے۔
شرون سراج اور امام الحق نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 50 رنز کا اضافہ کیا۔ شرون سراج 28 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔امام الحق نے 83 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 78 رنز اسکور کیے جس میں ایک چھکا اور 6 چوکے شامل تھے۔اسٹالیئنز کی طرف سے حارث رؤف نے 43 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ محمد علی اور جہانداد خان نے 2، 2 کھلاڑی آؤٹ کیے۔