وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنک سالٹ کی برآمد پر پیشرفت کے لئے جامع پلان طلب کر لیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں پنک سالٹ سے ریونیو حاصل کرنے کیلئے تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں پنک سالٹ کیلئے ویلیو ایڈڈ انڈسٹری لگانے کا پلان تیار کرنے کا جائزہ بھی لیا گیا جبکہ اجلاس میں صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ زاہد بخاری، چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، پرنسپل سیکرٹری ساجد ظفر ڈال اور سیکرٹری معدنیات بابر امان بابر نے شرکت کی۔
وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس میں پنجاب میں معدنیات کے حصول کیلئے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی تجاویز پر غور کیا۔دوران اجلاس مریم نواز نے کان کن ورکرز کی سیفٹی یقینی بنانے کی ہدایت کی اور خام پنک سالٹ کی برآمد پر پابندی کے لئے اقدامات کا حکم بھی دیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا ہے کہ گراں قدر ملکی ذخائر کوڑیوں کے بھاؤ نہیں بکنے دیں گے، پاکستان کے لئے پنک سالٹ خزانے کے مترادف ہے۔