سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے گرفتار ارکان کے لیے پارلیمنٹ لاجز کو سب جیل قرار دے دیا۔رپورٹ کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی نے پی ٹی آئی اراکین کی درخواست منظور کرلی اور پارلیمنٹ لاجز کو سب جیل قرار دینے کی درخواست پر دستخط کردیے۔
اسپیکر کے دستخط کے بعد قومی اسمبلی کے سیکرٹیریٹ نے اس سلسلے میں مراسلہ وزارت داخلہ کو ارسال کردیا۔قبل گرفتار رہنما پی ٹی آئی زین قریشی نے کہا کہ زیر حراست تمام 10 اراکین اور عامر ڈوگر نے درخواست اسپیکر کو دے دی، عامر ڈوگر ابھی بھی اسپیکر کے پاس بیٹھے ہیں، انہوں نے درخواست دی ہے، اراکین کی سیکیورٹی کے پیش نظر پارلیمنٹ لاجز میں ان کے فلیٹس کو سب جیل قرار دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ 2 روز قبل اسپیکر سردار ایاز صادق نے 10 گرفتار ارکان قومی اسمبلی شیر افضل مروت، ملک محمد عامر ڈوگر، محمد احمد چٹھہ، مخدوم زین حسین قریشی، شیخ وقاص اکرم، زبیر خان وزیر، اویس حیدر جھکڑ، سید شاہ احد شاہ ، نسیم علی شاہ اور یوسف خان کے پروڈکشن آرڈرز جاری کیے تھے اور انہیں پارلیمنٹ کے اگلے اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔اسپیکر نے پروڈکشن آڈرز قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط کے طریقہ کار 2007 کے قاعدہ 108 کے تحت حاصل اختیارات کے تحت جاری کیے تھے۔