آسڑیلیا نے سکاٹ لینڈ کیخلاف ٹی ٹوئنٹی میچ نئے ریکارڈ قائم کردیئے

آسڑیلیا نے سکاٹ لینڈ کیخلاف ٹی ٹوئنٹی میچ نئے ریکارڈ قائم کردیئے

آسٹریلوی کرکٹ ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی میں نئے ریکارڈز قائم کر دیے۔اسکاٹ لینڈ کے خلاف سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں آسٹریلیا نے پاور پلے کا نیا ریکارڈ بنادیا۔آسٹریلیا نے میزبان ٹیم کے خلاف پاور پلے کے 6 اوورز میں 113 رنز بناڈالے، جوکہ کسی بھی ٹیم کا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاوور پلے میں سب سے زیادہ اسکور ہے۔

ایڈنبرا میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے میچ میں اسکاٹ لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹ پر ا154رنز بنائے۔اوپنر جارج مُنسے 28 اور میتھیو کراس 27رنز بناکر نمایاں رہے۔آسٹریلیا کی جانب سے شان ایبٹ نے 3 ، زیویئر بارٹلٹ اور ایڈم زمپا نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

آسٹریلوی ٹیم نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو جیک فریزر صفر پر پویلین لوٹ گئے لیکن جب مچل مارش اور ٹریوس ہیڈ پچ پر یکجا ہوئے تو میدان میں گویا بھونچال آگیا، چوکوں اور چھکوں کی برسات ہونے لگی۔دونوں کھلاڑیوں نے پاور پلے کے 6 اوورز میں 113 رنز بنا ئے ، اس دوران ٹریوس ہیڈ نے صرف 22 گیندوں پر 73 رنز اسکور کیے، 12 چوکے اور 4 چھکے لگائے جبکہ مچل مارش نے 12گیندوں پر 39رنز کی اننگز کھیلی، 5 چوکے اور 3 چھکے اُن کی اننگز کا حصہ رہے۔ٹریوس ہیڈ 25گیندوں پر 80رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔انہوں نے آسٹریلیا کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں تیز ترین( 17 گیندوں پر) ففٹی بنائی۔

آسٹریلیا نے 155رنز کا ہدف 3 وکٹ کے نقصان پر 9.4  اوورز میں حاصل کرکے 150 یا اس سے زائد رنز کا ہدف سب سے کم گیندوں پر پورا کرکے نیا ریکارڈ قائم کیا۔کینگروز نے 3 میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری بھی حاصل کرلی۔

-- مزید آگے پہنچایے --