9 مئی مقدمات میں بانی پی ٹی آئی عمران خان نے ملٹری کورٹ ٹرائل کیلئے فوجی تحویل میں نہ دینے کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔اسلام آباد ہائیکورٹ میں وکیل عزیر کرامت بھنڈاری کے ذریعے درخواست دائر کردی گئی جس میں سیکرٹری قانون، سیکرٹری داخلہ اور وفاق کو فریق بنایا گیا ہے۔
آئی جی اسلام آباد، آئی جی پنجاب، ڈی جی ایف آئی اے درخواست میں فریق ہیں جبکہ آئی جی جیل خانہ جات کو بھی درخواست میں فریق بنایا گیا ہے۔دائر درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو فوجی تحویل میں دینے سے روکا جائے، یقینی بنایا جائے کہ سابق وزیراعظم سویلین عدالتوں اور سویلین تحویل میں رہیں۔
9 مئی 2023 کو عمران خان کی گرفتاری کے بعد شروع ہونے والے پرتشدد مظاہروں کے دوران مشتعل افراد نے عسکری تنصیبات پر حملے کیے اور سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچایا۔دو روز تک جاری رہنے والے توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کے واقعات کے بعد پی ٹی آئی کی قیادت بشمول عمران خان کے خلاف متعدد مقدمات درج کیے گئے تھے۔