بنگلہ دیش نے ٹیسٹ کرکٹ میں پہلی بار پاکستان کو 2 میچوں کی سیریز میں کلین سوئپ کرکے تاریخ رقم کردی، پاکستان کو دوسری بار ہوم سیریز پر کلین سوئپ کا سامنا کرنا پڑا، انگلینڈ نے 2022 میں پاکستان کو 3 میچوں کی سیریز میں وائٹ واش کیا تھا۔2 میچوں کی ہوم سیریز میں پاکستانی ٹیم وائٹ واش کی ہزیمت سے دوچار ہوئی جب کہ دوسرے ٹیسٹ کے آخری روز پاکستانی باؤلرز 185 ہدف کے دفاع میں ناکام ر ہے۔راولپنڈی میں کھیلے جا رہے میچ کے پانچویں روز کھانے کے وقفے تک بنگلادیش نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 122 رنز بنائے۔
کھانے کے وقفے تک کپتان نجم الحسن شانتو 33 اور مؤمن الحق 20 رنز بنا کر کریز پر موجود تھے، آؤٹ ہونے والے کھلاڑیوں میں اوپنر ذاکر حسن اور شادمان الاسلام شامل ہیں جو بالترتیب 40 اور 24 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔وفقے کے بعد کھیل کا آغاز ہوا تو کپتان اپنے انفرادی اسکور میں صرف 5 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد 38 رنز پر آؤٹ ہوگئے، مؤمن الحق بنگلہ دیش آؤٹ ہونے والے چوتھے اور آخری کھلاڑی تھے جو 34 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔
ان کے بعد آنے والے مشفق الرحیم 22 اور آل راؤنڈر شکیب الحسن 21 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، اس طرح مہمان ٹیم نے دوسرے میچ میں پاکستان ٹیم کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 2صفر سے اپنے نام کرلی۔پاکستان کی جانب سے میر حمزہ، خرم شہزاد ابرار احمد اور سلمان آغا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
بنگلہ دیش کی فتح میں اہم کردار ادا کرنے والے بلے باز لٹن ڈاس جنہوں نے پہلی اننگز میں 117 بنائے، انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ شاندار باؤلنگ کرنے پر اسپنر مہدی حسن سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔پاکستان کو ہوم گراونڈ پر ٹیسٹ میچ جیتے 1296 دن گزر گئے جب کہ پاکستان کو ہوم گراونڈ پر دوسری مرتبہ کلین سوئپ شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، اس سے قبل انگلینڈ نے پاکستان کو 2022 میں کلین سوئپ کیا تھا۔