پنجاب کابینہ نے طلباء کے لئے بائیکس میں مزید رعایت کی منظوری دے دی۔محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب کی استدعا پر چارجز پر سبسڈی سے دے دی گئی، طلباء کو دی جانے والی ہر قسم کی بائیک کی رجسٹریشن سے متعلق سبسڈی صوبائی حکومت دے گی، فی بائیک 1500 روپے بینک پراسیسنگ فیس پنجاب حکومت ادا کرے گی۔بینک پراسیسنگ ادا کرنے والے طلباء کو پیسے واپس ان کے اکاؤنٹس میں منتقل کر دیئے جائیں گے، بائیک کی رجسٹریشن، نمبر پلیٹ اور کارڈ کے اخراجات بھی حکومت ادا کرے گی، طلباء کو بائیک اقساط، انشورنس اور اپ لفٹ رقم ادا کرنا ہوگی۔پنجاب کابینہ کی منظوری کے بعد بائیکس سے متعلق نئے ایس او پیز نافذ العمل کر دیئے گئے۔
قبل ازیں سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور نواز شریف کو بجلی بل ریلیف پروگرام کے اجراء پر مبارکباد پیش کی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے سپیکر پنجاب اسمبلی نے ملاقات کی، جس میں ملک محمد احمد خان نے قائد محمد نواز شریف، وزیر اعلیٰ مریم نواز کو بجلی بل ریلیف پروگرام کے اجرا پر مبارکباد پیش کی,ملاقات کے دورن سیاسی صورتحال اور صوبائی اسمبلی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا، پنجاب کے ترقیاتی پراجیکٹس پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے بجلی بل پر 46 ارب روپے کے ریلیف دینے کو تاریخ ساز اقدام قرار دیا۔اس موقع پر مریم نواز کا کہنا تھا کہ صوبائی کابینہ نے عوام دوست پروگرام کی منظوری دے کر تاریخ ساز اقدام کیا، عوام کا پیسہ ماضی کی روایات کے برعکس اب عوام کو ریلیف پر ہی خرچ ہو رہا ہے۔سپیکر ملک احمد خان نے کہا کہ بجلی بلوں میں فی یونٹ 14 روپے کا ریلیف عوام کے لئے ٹھنڈی ہوا کا جھونکا ہے۔