پاکستان اور بنگلہ دیش نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ دونوں ممالک کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق یہ مفاہمت وزیر اعظم شہباز شریف اور بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو کے دوران طے پائی۔بات چیت کے دوران دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ وسیع تر علاقائی تعاون جنوبی ایشیا کے لوگوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
وزیراعظم نے پروفیسر محمد یونس کو چیف ایڈوائزر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور بنگلہ دیش کی سماجی و اقتصادی ترقی میں ان کے کردار کو سراہا۔انہوں نے حالیہ سیلاب سے ہونے نقصانات پر بنگلہ دیش کی حکومت اور عوام سے ہمدردی کا اظہار کیا۔یاد رہے کہ 9 اگست کو وزیر اعظم شہباز شریف نے بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر محمد یونس کو مبارکباد دیتے ہوئے مستقبل میں پاک-بنگلہ دیش کے تعلقات کو مضبوط بنانے کی امید ظاہر کی تھی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بیان جاری کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں محمد یونس کو بنگلہ دیشی چیف معاون کے طور پر حلف اٹھانے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ میں دعا کرتا ہوں کہ وہ بنگلہ دیش کو ہم آہنگ اور خوشحال مستقبل کی طرف گامزن کرنے میں کامیابی حاصل کریں۔شہباز شریف کے مطابق وہ محمد یونس کے ساتھ مل کر بنگلہ دیش اور پاکستان کے تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے خواہشمند ہیں۔