بنگلادیش کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے قومی کرکٹ ٹیم میں دو نئے کھلاڑیوں کو شامل کر لیا گیا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق پاکستان کے مسٹری سپنر ابرار احمد اور بلے باز کامران غلام بنگلا دیش کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ سے قبل قومی ٹیسٹ سکواڈ میں شامل ہوگئے ہیں۔ابرار احمد اور کامران غلام کو پہلے ٹیسٹ میچ کے آغاز سے قبل ٹیسٹ سکواڈ سے ریلیز کردیا گیا تھا اور وہ اسلام آباد کلب میں بنگلا دیش اے کے خلاف 4 روزہ میچ میں پاکستان شاہینز کے لیے کھیل رہے تھے۔
اس کے علاوہ فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی بیٹے کی پیدائش کے لیے کراچی گئے تھے، انہوں نے بھی اب پنڈی میں دوبارہ سکواڈ کو جوائن کرلیا ہے۔تاہم ٹیم کے کوچ جیسن گلپسی نے انہیں سکواڈ میں شامل نہیں کیا ہے ان کے مطابق شاہین شاہ آفریدی حال ہی میں باپ بنے ہیں انہیں کچھ وقت فیملی کے ساتھ گزرنا چاہئے ، شاہین آفریدی تینوں فارمیٹ میں ہمارے بائولر ہیں انہیں آرام کی بھی ضرورت ہے
عامر جمال جنہیں این سی اے میں اپنی فٹنس پر کام کرنے کے لیے سکواڈ سے باہر کیا گیا تھا انہیں بھی واپس بلا لیا گیا ہے جبکہ دوسرے ٹیسٹ میں ان کی شرکت فٹنس کلیئرنس سے مشروط رہے گی۔ذرائع کے مطابق پہلے ٹیسٹ میں فاسٹ باؤلرز کی کارکردگی سے سینئر کھلاڑیوں کے ساتھ ٹیم انتظامیہ بھی خوش نہیں تھی۔پاکستان اور بنگلادیش کی ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ 30 اگست سے 3 ستمبر تک راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کو بنگال ٹائیگرز نے دس وکٹوں سے تاریخی شکست دی تھی۔