عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ و سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ ملک میں سیاسی انتشار اور عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہد خاقان کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتیں ایک ٹیبل پر بیٹھ کر ملک کے مسائل کا حل ڈھونڈیں، ایک تنظیم کھلم کھلا دہشت گردی کا اعلان کر رہی ہے، سیاسی انتشار، عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کرسیوں کی دوڑ لگی ہے، آج مینڈیٹ مشکوک ہے ان سب چیزوں کو ٹھیک کرنا ہے، آج ہر شخص ملک کے معاشی مسائل سے دوچار ہے، ملک میں ترقی اور کاروبار رک گیا ہے، ہر آدمی پریشان ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سیاسی استحکام دینے سے مسائل حل ہوں گے، سیاسی استحکام نہیں ہوگا تو بلوچستان جیسے واقعات ہوتے ہیں، اپنے مفادات کو دور رکھ کر ملک کو استحکام دینے کی ضرورت ہے۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ کہیں ہم اس طرف نہ چلے جائیں جب ملک میں روز دھماکے ہوتے تھے، ملک میں واحد راستہ آئین کا ہے۔