وزارت منصوبہ بندی کی طرف سے جاری کردہ ’ضلعی ایجوکیشن رپورٹ 2023‘ میں ملک بھر کے اضلاع کی تعلیمی کارکردگی کی درجہ بندی کی گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق تعلیمی لحاظ سے اسلام آباد کا پہلا، جہلم کا دوسرا اور چکوال کا تیسرا نمبر ہے، یہ رپورٹ اسکولوں میں دستیاب سہولیات، کورس، طلبہ کے نتائج اور اساتذہ کی دستیابی سمیت دیگر انڈیکیٹرز کی بنیاد پر مرتب کی گئی ہے۔
وزارت منصوبہ بندی نے رپورٹ میں تعلیمی لحاظ سے بہتر کارکردگی دکھانے والے اضلاع کو شامل کیا ہے، رپورٹ کے مطابق تعلیمی لحاظ سے پنجاب کے بیشتر اضلاع پہلے نمبر پر، خیبر پختونخوا کے اضلاع دوسرے، سندھ کے اضلاع تیسرے اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع تعلیمی لحاظ سے آخری نمبر پر ہیں، جبکہ ملک بھر سے کوئی بھی ضلع سب سے بہترین درجے میں شامل نہیں ہے۔
اس رپورٹ میں پاکستان کے تعلیمی لحاظ سے اعلیٰ، اوسط اور پست کارکردگی کے اضلاع شامل کیے گئے ہیں۔رپورٹ کے مطابق بہترین کارکردگی میں اسلام آباد پہلے نمبر پر ہے جبکہ پست کارکردگی میں مجموعی طور پر ملک بھر کے 77 اضلاع شامل ہیں، ان اضلاع میں بلوچستان کے 33، خیبر پختونخوا کے 18، پنجاب کے 4 اور سندھ کے 22 اضلاع شامل ہیں۔
رپورٹ میں تعلیمی کارکردگی بڑھانے کے لیے اقدامات بھی تجویز کیے گئے ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تعلیمی معیار اور کارکردگی بڑھانے کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ بجٹ کی کمی، دستیاب بجٹ کا بہتر استعمال نہ کرنا اور انسانی وسائل کی قلت ہے۔