وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ کسی روڈ پر ڈکیتی اور جرائم کی صورت میں متعلقہ پولیس افسران ذمے دار ہوں گے، عورتیں اور بچے ریڈ لائن ہیں،ان کے خلاف جرائم کو ہر صورت روکا جائے۔وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیرِ صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا،اجلاس کے دوران وزیر اعلیٰ پنجاب کو پولیس افسران کی کارکردگی رپورٹ پیش کی گئی،اس موقع پرپولیس افسروں کی کارکردگی جانچنے کے لیے مقررہ اشاریے کا جائزہ بھی لیا گیا۔وزیرِاعلیٰ پنجاب نےاس موقع پر پولیس کو روڈ ڈکیتی کی وارداتیں فوری روکنے کا ٹاسک دے دیا،مریم نواز نے سڑکوں پر محفوظ سفر کے لیے اقدامات یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے ہر ضلع میں کرائم کی شرح نیچے لانے کی ہدایت کی۔وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے پنجاب کے ہر علاقے میں ہاٹ اسپاٹ ایریاز ختم کرنے کے لیے ایکشن شروع کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ تاجر اور دکانداروں کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے ڈکیتی کی وارداتوں کا سدباب کیا جائے، چھوٹے بڑے شہروں کے روڈز پر ڈکیتی اور دیگر جرائم قطعاً قابل قبول نہیں، پنجاب کی ہر سڑک، گلی محلے کو محفوظ بنانا ہو گا تاکہ کسی کو جرم کرنے کی جرأت نہ ہو۔