سعود شکیل نے ٹیسٹ میں تیز ترین ہزار رنز بنانے کا ریکارڈ برابر کردیا

سعود شکیل نے ٹیسٹ میں تیز ترین ہزار رنز بنانے کا ریکارڈ برابر کردیا

قومی ٹیسٹ ٹیم کے نائب کپتان سعود شکیل نے بنگلہ دیش کے خلاف اپنے 20ویں اننگز میں ایک ہزار رنز مکمل کرلیے، یوں انہوں نے تیز ترین ایک ہزار رنز بنانے کا قومی ریکارڈ برابر کردیا۔پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان راولپنڈی میں جاری سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کے ابتدائی تین بلے باز صرف 8 رنز پر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد نائب کپتان سعود شکیل نے صائم ایوب کے ساتھ ملکر ذمہ دارنہ اننگز کھیلی، اس دوران دونوں بلے بازوں نے اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں۔

پاکستان نے پہلے دن کے اختتام پر 4 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنا لیے ہیں، سعود شکیل 57 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں، انہوں نے اپنے 20ویں اننگز میں نہ صرف 7ویں نصف سنچری اسکور کی بلکہ تیز ترین ایک ہزار رنز بنانے کا قومی ریکارڈ بھی برابر کردیا۔2022 میں انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے 28 سالہ سعود شکیل کو بنگلہ دیش کے خلاف سیریز سے قبل اپنے 11ویں ٹیسٹ میچ میں ہی نائب کپتانی کی ذمہ داری دی گئی تھی۔

سعود شکیل نے اس میچ سے پہلے تک 10 ٹیسٹ میچوں کی 19 اننگز میں 60.43 کی اوسط سے 967 رنز بنائے تھے جس میں ایک ڈبل سنچری، دو سنچریاں اور 6 نصف سنچریاں شامل ہیں۔بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے پہلے روز انہوں نے کیریئر کی 7ویں نصف سنچری اسکور کی اور یوں وہ اپنی 20ویں ٹیسٹ اننگز میں ایک ہزار رنز مکمل کرنے والے دوسرے پاکستانی بن گئے۔

اس سے قبل، سعید احمد نے بھی 20 اننگز میں ایک ہزار رنز مکمل کیے تھے۔ اس کے علاوہ صادق محمود 22، جاوید میانداد 23، توفیق عمر ، عابد علی اور عبداللہ شفیق نے 24 اننگز میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔اس سے قبل سعود شکیل نے ٹیسٹ کی ابتدائی 11 اننگز میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا عبداللہ شفیق کا ریکارڈ بھی توڑا تھا، جنہوں نے جاوید میاں داد کا 645 رنز کا ریکارڈ توڑتے ہوئے ابتدائی 11 باریوں میں 720 رنز جوڑے تھے۔

سعود شکیل نے ابتدائی 11 اننگز میں 738 رنز بنائے تھے، وہ سنیل گواسکر اور ڈان بریڈ مین کے بعد پہلے 6 ٹیسٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز بھی ہیں۔سعود شکیل نے ابتدائی 6 ٹیسٹ میچوں میں 50 سے زیادہ رنز کی اننگز کھیلی تھیں جو ایک منفرد ریکارڈ ہے، ٹیسٹ کرکٹ کی تقریباً 150 سال پرانی تاریخ میں اب تک سعود شکیل سے قبل صرف چار بلے باز ایسے تھے جنہوں نے اپنے ابتدائی چھ ٹیسٹ میچوں میں ایک نصف سنچری لازمی بنائی تھی، ان بلے بازوں میں سنیل گواسکر، باسل باؤچر، سعید احمد اور برٹ سٹکلف شامل ہیں۔

علاوہ ازیں، سعود شکیل ایشین بریڈ مین کے نام سے مشہور سابق عظیم پاکستانی بلے باز ظہیر عباس کے بعد دوسرے پاکستانی بلے باز ہیں جنہوں نے پاکستان سے باہر کھیلے گئے اپنے پہلے ہی ٹیسٹ میچ میں ڈبل سنچری اسکور کی، اس سے قبل یہ کارنامہ 1971 میں ظہیر عباس نے انگلینڈ کے خلاف سرانجام دیا تھا۔

 

-- مزید آگے پہنچایے --