تھانہ کوہسار میں دہشت گردی دفعات کے تحت درج مقدمے میں سابق ممبر قومی اسمبلی علی وزیر کو انسداد دہشت گری عدالت نے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابولحسنات ذوالقرنین نے کی، علی وزیر کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت میں پیش کیا گیا۔
پولیس پر حملہ کرنے کے لیے ساتھیوں کی معاونت کرنے کے کیس عدالت نے علی وزیر کا مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کردی اور انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔واضح رہے گزشتہ روز ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے سابق رکن قومی اسمبلی علی وزیر منشیات اور اسلحہ برآمدگی کے مقدمہ میں ضمانت بعد از گرفتاری منظور کرلی تھی۔
دوران سماعت علی وزیر کے وکیل مصدق خٹک عدالت میں پیش ہوئے، عدالت نے ایک لاکھ کے مچلکوں کے عوض علی وزیر کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور کرلی تھی۔یاد رہے کہ علی وزیر کے خلاف تھانہ کراچی کمپنی میں منشیات اور اسلحہ برآمد کرنے کا مقدمہ درج ہے۔