پاکستان شاہینز نے ٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے اپنے پانچویں میچ میں بنگلہ دیش اے کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔یہ اس ٹورنامنٹ میں پاکستان شاہینز کی چوتھی کامیابی ہے۔اس سے قبل اس نے پرتھ اسکارچرز کو17 رنز سے تسمانیہ ٹائیگرز کو 5 وکٹوں سے اور میلبرن رینیگیڈز کو 4 وکٹوں سے ہرایا تھا جبکہ میلبرن اسٹارز کے خلاف اسے 47 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
جمعہ کے روز کھیلے گئے میچ میں پاکستان شاہینز نے ٹاس جیت کر بنگلہ دیش اے کو بیٹنگ دی جس نے 20 اوورز میں5 وکٹوں کے نقصان پر141 رنز بنائے۔پاکستان شاہینز نے مطلوبہ اسکور 18.4 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔
میچ کی پہلی ہی گیند پر عباس آفریدی نے ذیشان عالم کو آؤٹ کردیا جس کے بعد تنزید حسن اور پرویزحسین نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 48 رنز کا اضافہ کیا لیکن اس کے بعد وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔پرویز27 اور تنزید18 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔لیفٹ آرم اسپنر فیصل اکرم کی صرف 7 گیندوں پر 3 وکٹوں کی عمدہ کارکردگی کے بعد شمیم حسین اور محفوظ الرحمن نے چھٹی کی وکٹ کی ناقابل شکست شراکت میں قیمتی 83 رنز کا اضافہ کیا۔
شمیم حسین 5 چوکوں کی مدد سے44 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔محفوظ الرحمن نے 41 رنز اسکور کیے اور آؤٹ نہیں ہوئے جس میں5 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا فیصل اکرم نے صرف 10 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔صاحبزادہ فرحان اور محمد حارث نے پاکستان شاہینز کو47 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا۔
محمد حارث جارحانہ انداز میں 3 چھکوں اور2 چوکوں کی مدد سے32 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے۔ صاحبزادہ فرحان بھی17 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے ۔ ان دونوں کے بعد عمیر بن یوسف نے 37 رنز کی اہم اننگز کھیلی تاہم 123 رنز پر سات وکٹیں گرجانے کی وجہ سے پاکستان شاہینز مشکلات میں دکھائی دے رہی تھی اس موقع پر عرفان خان اور جہانداد خان کے درمیان آٹھویں وکٹ کی شراکت میں بننے والے 20 رنز نے ٹیم کو جیت دلادی۔جہانداد خان دو چوکوں کی مدد سے 11 اور عرفان خان ایک چوکے کی مدد سے9 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان شاہینز کا اگلا میچ ہفتے کے روز اے سی ٹی کومیٹس کے خلاف ہوگا۔
مختصر اسکور۔
بنگلہ دیش اے 141 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ ( 20 اوورز ) شمیم حسین 44 ناٹ آؤٹ۔ محفوظ الرحمن 41 ناٹ آؤٹ۔ فیصل اکرم 10 / 3 وکٹ
پاکستان شاہینز143 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ (18.4 اوورز ) عمیر بن یوسف 37 ۔ محمد حارث 32۔
نتیجہ ۔پاکستان شاہینز نے 3 وکٹوں سے جیتا۔