پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ فیض حمید کے کورٹ مارشل کے سلسلے میں 3 ریٹائرڈ افسران بھی فوجی تحویل میں ہیں۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تین ریٹائرڈ افسران کو فوجی نظم و ضبط کی خلاف پر تحویل میں لیا گیا، ریٹائرڈ افسران اور ان کے ساتھیوں سے مزید تفتیش جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تینوں ریٹائرڈ افسران سیاسی مفادات کی ایما پر اور ملی بھگت سے عدم استحکام کو ہوا دے رہے تھے۔دوسری جانب ذرائع کا بتانا ہے کہ فوجی تحویل میں لیےگئے تینوں افسران کے نام سامنے آگئے ہیں، گرفتار افسران میں دو ریٹائرڈ بریگیڈیئر ایک ریٹائرڈ کرنل شامل ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ تحویل میں لیے گئے سابق فوجی افسران میں بریگییڈیئر ( ر ) غفار، بریگیڈیئر (ر) نعیم اور کرنل ریٹائرڈ عاصم شامل ہیں، تینوں افسران پیغام رسانی کا کام کرتے تھے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار دونوں ریٹائرڈ بریگیڈیئرز کا تعلق چکوال سے ہے، دونوں افسران ریٹائرمنٹ کے بعد سیاسی پیغام رسانی اور سہولت کاری میں ملوث تھے، تینوں افسران سیاسی جماعت اور فیض حمید کے درمیان رابطہ کاری میں شامل تھے۔یاد رہے کہ پاک فوج نے دو روز قبل پاک فوج کے سابق ڈی جی آئی ایس آئی جنرل ریٹائرڈ فیض حمید کو تحویل میں لیا تھا۔