قیضر احمد شیخ نے اپنی جیب سے 10 ہزار موٹرسائیکلز اور رکشہ والوں کو 1 کروڑ کامفت پیٹرول تقسیم کردیا

قیضر احمد شیخ نے اپنی جیب سے 10 ہزار موٹرسائیکلز اور رکشہ والوں کو 1 کروڑ کامفت پیٹرول تقسیم کردیا

وفاقی وزیر بحری امور قیصر احمد شیخ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت عوامی ریلیف کیلئے بہت محنت سے کام کررہی ہے کیونکہ انہیں اس امر کا شدت سے احساس ہے کہ اگر ملک کو آگے لیکر جاناہے تو اس کاواحد راستہ عوام کی خدمت اور محنت ہے لہٰذا اس سلسلہ میں تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں جن کے باعث عوام کو جلد ریلیف ملنے کا عمل شروع ہوجائے گا۔ وہ یوم آزادی پاکستان کے موقع پرچنیوٹ میں اپنی رہائش گاہ پر 10ہزارموٹرسائیکلز اور رکشہ والوں میں اپنی جیب سے ایک کروڑ روپے کامفت پیٹرول تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ وہ کراچی میں تھے لیکن جب 1993سے چینوٹ آئے تو 32سال سے (ن) لیگ کے پلیٹ فارم سے ہی الیکشن لڑ رہے ہیں اور تقریباً سات دفعہ منتخب ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہی ان کی خدمت کا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ چنیوٹ میں کسی بھی غریب کی تعلیم یا علاج کی سہولت ہم بالکل مفت فراہم کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف ملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے کوشاں ہیں لیکن مخالفین کی جانب سے قدم قدم پر روڑے اٹکانے کا عمل جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک میں اسٹیبلشمنٹ سے لڑائی نہیں لڑی جاسکتی لیکن یہاں پر پارلیمنٹ کو مچھلی بازار بنا دیا جاتا ہے ایسا بھی کسی ملک میں نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ملک کو آگے لے کر جانا ہے تو اس کا ایک ہی ذریعہ ہے اور وہ عوام کی خدمت اور محنت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کروڑوں روپے ٹیکس حکومت کو ادا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد میں ٹیکسٹائل ملز اونرز کی 60 فیصد تعداد چنیوٹ سے تعلق رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم 1901سے سکول چلا رہے ہیں،ہمارا اقرا سکول اور مدرسہ للبنات کام کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب ہمارے سکول قومیائے گئے تو تعلیم کا معیار کم ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی میرے حلقے سے مجھ سے آدھے ووٹ بھی حاصل نہیں کرسکی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم مذاکرات کیلئے تیار ہیں لیکن پی ٹی آئی ہمارے ساتھ بیٹھنے کو تیار نہیں ہے، ہم چاہتے ہیں کہ مذاکرات سے ملک آگے بڑھے اور یہی ملک کوآگے بڑھانے کا ایک ذریعہ ہے لیکن پی ٹی آئی کا مؤقف ہے کہ ہم اسٹیبلشمنٹ کے علاوہ کسی کے ساتھ نہیں بیٹھیں گے بلکہ وہ ہمیں منتخب عوامی نمائندہ ہی نہیں سمجھتے۔ انہوں نے کہا کہ اب ملک میں صورتحال یہ ہے کہ فی کس انکم کے حساب سے ہمارا ملک 146ویں نمبر پر ہے اس حساب سے ہم بہت پیچھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ مانتے ہیں کہ پی ٹی آئی ایک پاپولر جماعت ہے لیکن اگر وہ حکومت کے ساتھ نہیں بیٹھے گی تو ملک کیسے آگے بڑھے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے جب وہ اپوزیشن میں تھے اس وقت بھی چارٹر آف اکانومی کی بات کی تھی لیکن پی ٹی آئی اس وقت سے لے کر آج تک متفق نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ہم لوگوں کیلئے مہنگائی، بیروزگاری اور غربت کو ختم کرنے کیلئے کام کررہے ہیں۔قیصر احمد شیخ نے کہا کہ وہ مفت پیٹرول تقسیم کرنے کا پروگرام پچھلے بیس سال سے چلا رہے ہیں اوراس پروگرام کی تخمینہ لاگت ایک کروڑ روپے سے زائد کی ہے جس کے تحت دس ہزار موٹرسائیکلز اور رکشہ والوں کو مفت پیٹرول دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آج صبح نو بجے سے لے کر رات گئے تک موٹرسائیکل والوں کو پانچ لیٹر فی موٹرسائیکل کے حساب سے پیٹرول دیا جائے گا جبکہ کل رکشہ والوں کو مفت پیٹرول فراہم کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے یہاں فاسٹ یونیورسٹی کا کیمپس بنوایا، یہ یونیورسٹی بچوں کو بہت اعلیٰ تعلیم دے رہی ہے جس کے صرف دو کیمپس ہیں ایک لاہور میں اور ایک فیصل آباد میں، جبکہ اس یونیورسٹی کے پڑھے لکھے افرادغیر ملکوں میں بھی اچھی جاب حاصل کرلیتے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ یہاں غریب بچے مفت تعلیم حاصل کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چنیوٹ میں ہماری شیخ کمیونٹی تعلیم اور صحت کے میدان میں سینکڑوں سال سے عوام کی خدمت کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں ہمارا آنکھوں کا ہسپتال، سکول اور ٹیوٹا کے تعاون سے ایک کالج بھی کام کر رہا ہے۔انہوں نے مستقبل میں بھی عوامی فلاح وبہبود کے منصوبے جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

-- مزید آگے پہنچایے --