امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے یوم آزادی پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ میں یوم آزادی پاکستان کے موقع پر امریکی عوام کی جانب سے پاکستانیوں کیلئے دلی نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں۔امریکی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ گزشتہ 77 سالوں سے ہمارے عوامی تعلقات ہمارے دو طرفہ تعلق کی بنیاد رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آنے والے سالوں میں ہم امریکا، پاکستان شراکت داری کو وسعت اور عوامی تعلقات کو مزید بڑھاتے ہوئے دونوں اقوام کیلئے مزید خوشحال مستقبل تشکیل دیں گے۔
انٹونی بلنکن نے مزید کہا کہ جمہوری اصولوں اور قانون کی حکمرانی کے ہمارے مشترکہ عزم کو مضبوط کرتے ہوئے ہم ایسی شراکت داری جاری رکھنے کے خواہاں ہیں جو دونوں ممالک کو مزید محفوظ بنائے۔اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ میری طرف سے پاکستان، امریکا اور دنیا بھر میں یوم آزادی منانے والے پاکستانیوں کو پر مسرت یوم آزادی مبارک ہو