پاکستان کے 78 ویں یوم آزادی کی مناسبت سے اپنے خصوصی پیغام میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر كام کرنا ہوگا، ملکی اتحاد، سالمیت اور معاشی استحکام کیلئے پرعزم ہو کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔اپنے پیغام میں صدر آصف علی زرداری نے پاکستان کے 78 ویں یوم آزادی پر پوری پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یومِ آزادی حقِ خود ارادیت کیلئے ہندوستانی مسلمانوں کی تاریخی و سیاسی جدوجہد کا نقطہ عروج ہے، پُرامن اور جمہوری جدوجہد کے ذریعے پاکستان کا قیام تاریخ کا ایک بے مثل اور بے نظیر باب ہے، پاکستان کیلئے انگنت قربانیاں دینے والے تحریک پاکستان کے رہنماؤں، کارکنان اور اپنے آباؤ اجداد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قدرت نے ہمارے ملک کو بے شمار انسانی اور قدرتی وسائل سے نوازا ہے، ہماری ذمہ داری ہے کہ عوامی فلاح و بہبود کیلئے وسائل کو بروئے کار لائیں، قانون کی حکمرانی، جمہوری اداروں کے استحکام اور عوامی مفاد میں دل و جان سے کام کرنا ہوگا۔صدر مملکت نے کہا کہ قوم کو ہم سے بہت سی توقعات ہیں، عوامی امنگوں پر پورا اترنے کی کوشش کرنی چاہیے، قائد اعظم کے فرمان کے مُطابق تمام تر توجہ عوام الناس اور غریب طبقے کی فلاح و بہبود پر مرکوز کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو عظیم ملک بنانے کیلئے نوجوانوں اور خواتین پر سرمایہ کاری کرنا ہوگی، ملکی ترقی کیلئے خدمات کی فراہمی بہتر بنانے، کاروبار کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔صدر آصف زرداری نے مزید کہا کہ جشن آزادی پر سات دہائیوں سے اپنی آزادی اور حق خود ارادیت کیلئے جدوجہد کرنے والے اپنے کشمیری اور فلسطینی بھائیوں کو بھی یاد رکھنا چاہیے، آج ہم مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطینی عوام کے جائز حقوق کیلئے اپنی حمایت کا اعادہ کرتے ہیں۔یوم آزادی پر اپنے پیغام میں صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ جشن آزادی پر عہد کریں کہ عوامی ترقی کیلئے کام کریں گے، پاکستان کو ایک خوشحال ملک بنائیں گے۔