اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام دوسری تین روزہ ٹورزم سمٹ سکردو میں شروع ہو گئی،منگل کو سمٹ کے پہلے روز گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ، یورپی یونین،مصر،قازقستان،آزربائیجان،ملائشیاء,پرتگال،لیبیا،میانمار،یمن سمیت متعدد ممالک کے سفراء کی شرکت، بزنس کمیونٹی کی بڑی تعداد بھی ظہرانے شریک ہوئی۔سمٹ کے پہلے روز صدر آئی سی سی آئی احسن بختاوری نے مہمانوں کاعزاز میں ظہرانہ دیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے کہا کہ میں گلگت کی خوبصورت سر زمین پر ٹورز م کانفرنس کے شرکاء کو خوش آمدید کہتا ہوں،سیاحت کے حوالے سے حکومت بھرپور کردار ادا کر رہی ہے،حکومت کی کوششوں سے ایئرپورٹ بنایا گیا ہے، انفراسٹرکچر کے حوالے سے اقدامات کیے جا رہے ہیں،گلگت میں جتنی سیاحت کو ترقی ملے گی پاکستان کو اتنا ہی فائدہ ہوگا۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اور صدر آئی سی سی آئی احسن بختاوری کا گلگت بلتستان میں سیاحت کے فروغ کیلئے کردار ناقابل فراموش ہے،گلگت کی عوام کبھی انہیں فراموش نہیں کرے گی۔پاکستان کے شمالی علاقہ جات ملک کو اربوں ڈالر سیاحت کی مد میں کما کر دے سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حالیہ عرصے میں گلگت میں گلگت اور سکردو کیلئے براہ راست پروازیں شروع ہوئی ہیں جن کا یقینا یہاں کی سیاحت کو فائدہ ہوگا۔ صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری احسن بختاوری نے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹورزم کانفرنس پاکستان کا خوبصورت امیج اجاگر کرے گی،اسلام آباد چیمبر دوسری بار اس کانفرنس کا انعقاد کر رہا ہے،پاکستان کے شمالی علاقے سیاحت کا خزانہ ہیں اس علاقے میں لوکل اور انٹر نیشنل سیاحت کو اجاگر کرنے کیلئے انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری ناگزیر ہے۔اس علاقے میں ٹورزم کے ساتھ ساتھ انڈسٹری اور سرمایہ کاری کے فروغ کی ضرورت ہے۔پاکستان کی بزنس کمیونٹی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کیلے تیار ہے۔پاکستان کے شمالی علاقوں کو موسمیاتی تبدیلیوں کا سامنا ہے۔حکومت کو عالمی برادری کے ساتھ مل کر اقدامات کی ضرورت ہے۔
ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں تعینات یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کونیکا نے کہا کہ پاکستان کے شمالی علاقہ جات سیاحت کا خزانہ ہیں،یورپی یونین ان علاقوں میں انفراسٹرکچر کی بہتری اور سہولیات کی فراہمی کیلئے مکمل تعاون کرے گی۔میں آئی سی سی آئی کے صدر احسن بختاوری کا شکریہ ادا کرتی ہوں جن کی کوششوں سے ان علاقوں کو دیکھنے کا موقع ملا۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں سیاحت ترقی کر رہی ہے،پاکستان کے پاس اپنے حصے کا ریونیو حاصل کرنے کیلئے تمام مواقع موجود ہیں۔ سفیر آذر بائیجان خضر فرہادوف نے کہا کہ پاکستان خوبصورت اور شاندار لوگوں کا ملک ہے،اس ملک میں سیاحت کا بے پناہ پوٹینشل ہے جس کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی ضرورت ہیپاکستان اور آذر بائیجان ایک دوسرے کے تجربات سے بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں قازقستان کے سفیر یرزان کسٹافین نے کہا کہ میں اسلام آباد چیمبر کا پاکستان کے خوبصورت علاقے دیکھا نے پر شکریہ ادا کرتا ہوں دونوں ممالک کے تعلقات میں سیاحت مرکزی کردار ہے۔حالیہ عرصے میں دونوں ممالک کے در میان اعلی ترین حکومتی سطح ہونے والے تعاون کے حوالوں سے رابطوں میں سیاحت کو شامل کیا گیا ہے۔قازقستان پاکستان کیلئے جلد براہ راست پروازیں شروع کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔مجھے امید ہے پاکستان کی بزنس کمیونٹی اس حوالے سے اپنا پورا تعاون فراہم کرے گی۔پاکستان میں تعینات مصر کے سفیر احد عبد اللہ نے کہا کہ پاکستان اور مصر کو سیاحت کے فروغ کیلئے تعاون کرنا چاہیے،مصر سالانہ اربوں ڈالر سیاحت سے کماتا ہے اس حوالے سے پاکستان کے ساتھ تعاون کرنے کو تیار ہیں،انہوں نے کہا کہ پاکستان کے شمالی علاقہ نہ صرف سیاحت بلکہ ایڈونچر ٹورزم کے حوالے سے اپنی مثال آپ ہیں۔
سیکرٹری جنرل یو بی جی ظفر بختاوری نے ظہرانے سے خطاب میں کہا کہ اسلام آباد چیمبر کے صدر احسن بختاوری نے پاکستان کے شمالی علاقہ جات میں سیاحت کے فروغ کا بیڑہ اٹھایا ہے۔گزشتہ سال منعقد ہونے والی کانفرنس میں درجنوں غیر ملکی سفراء شریک ہوئے،اس سال بھی یورپی یونین سمیت تمام ایسے ممالک کے سفراء یہاں موجود ہیں جو سیاحت سے سالانہ اربوں ڈالر کماتے ہیں،ایسی کانفرنسز نہ صرف سیاحت کے فروغ کیلئے اہم ہیں بلکہ ان سے پاکستان کا مثبت امیج بھی عالمی سطح پر اجاگر ہوگا۔صدر آل پاکستان انجمن تاجران اجمل بلوچ نے ظہرانے سے خطاب میں کہا کہ پاکستان کے شمالی علاقوں میں سیاحت کے فروغ کیلئے انفراسٹرکچر انتہائی اہمیت کا حامل ہے،حکومت کو اس حوالے سے ترجیجی بنیادوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ نائب صدر ایف پی سی سی آئی قر اہ العین نے کہا کہ سیاحت کے فروغ کیلئے آئی سی سی آئی کی کاوشیں قابل قدر ہیں۔شمالی علاقہ جات میں سیاحت کے فروغ سے نہ صرف پاکستان کو فائدہ ہوگا بلکہ مقامی افراد کی معیشت بھی بہتر ہو گی،ویمن چیمبر کی صدر رضوانہ آصف نے کہا کہ پاکستان کی بزنس کمیونٹی کی نمائندگی کرنے والا ادارہ سیاحت کے فروغ کیلئے متحرک ہے جو انتہائی خوش آئند ہے۔