صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو تمام سیاسی، معاشی اور سماجی حقوق حاصل ہیں جن کی ضمانت آئین نے دی ہے۔اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ اس دن ہم قائداعظم محمد علی جناح کے 11 اگست 1947 کو ملک کی اقلیتوں سے ان کے حقوق اور مذہبی آزادیوں کے تحفظ کے لیے کیے گئے وعدے پر اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔
صدر نے کہا کہ حکومت نے اقلیتوں کو سیاسی، سماجی اور معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں۔انہوں نے معاشرے کے تمام طبقات پر زور دیا کہ وہ لوگوں کو ان کے حقوق سے آگاہ کریں اور پاکستان کو ایک مضبوط ملک بنانے کے لیے بین المذاہب ہم آہنگی، محبت، رواداری، بھائی چارے اور اتحاد کے جذبے کے فروغ کے لیے کام کریں۔آصف علی زرداری نے اس یقین کا اظہار کیا کہ پاکستان کی اقلیتیں ملکی ترقی کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرتی رہیں گی۔
اس موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان میں بسنے والی اقلیتی برادریوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔اپنے پیغام میں انہوں نے مختلف شعبوں میں ان کی خدمات کو سراہا۔