ٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی :  پاکستان شاہینز نے پرتھ اسکارچرز کو 17 رنز سے ہرادیا

ٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی : پاکستان شاہینز نے پرتھ اسکارچرز کو 17 رنز سے ہرادیا

پاکستان شاہینز نے ٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں پرتھ اسکارچرز کو 17 رنز سے شکست دے دی۔ہفتے کے روز کھیلے گئے میچ میں کپتان محمد حارث نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان شاہینز نے20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر188 رنز اسکور کیے۔پرتھ اسکارچرز 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر171 رنز بنانے میں کامیاب ہوسکی۔پاکستان کی اننگز میں عثمان خان 57 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔ ان کی اننگز میں چار چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔صاحبزادہ فرحان نے ایک چھکے اور پانچ چوکوں کی مدد سے36 رنز کی اننگز کھیلی ۔

 

عرفات منہاس نے ایک چھکے اور تین چوکوں کی مدد سے 31 اور کپتان محمد حارث نے 25 رنز بنائے۔عثمان خان اور عرفات منہاس نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 66 رنز کا اضافہ کیا جبکہ عثمان خان اور محمد حارث کی چوتھی وکٹ کی شراکت میں 45 رنز بنے۔میتھیو اسپورس نے 54 رنز دے کر3 وکٹیں حاصل کیں۔پرتھ اسکارچرز کی دو وکٹیں صرف 21 رنز پر گرگئیں جس کے بعد کورے ویزلے اور جوئیل کرٹس نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 58 رنز کا اضافہ کیا لیکن ویزلے نے تین چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے 54 رنز اسکور کیے۔ پاکستان شاہینز کی طرف سے عباس آفریدی اور جہانداد خان نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔پاکستان شاہینز ٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں اپنا دوسرا میچ اتوار کو میلبرن اسٹارز کے خلاف کھیلے گی۔
مختصر اسکور۔
پاکستان شاہینز 188 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ ( 20 اوورز ) ۔ عثمان خان 57 ۔ صاحبزادہ فرحان 36 ۔ عرفات منہاس 31۔ میتھیو اسپورٹس 54 / 3 وکٹ۔
پرتھ اسکارچرز 171 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ ۔ ( 20 اوورز ) ۔ کورے ویزلے 54 ۔ عباس آفریدی 32 / 2 وکٹ۔ جہانداد خان42 / 2 وکٹ ۔
نتیجہ ۔ پاکستان شاہینز نے 17 رنز سے جیتا۔

-- مزید آگے پہنچایے --