قومی اسمبلی ، اجلاس کا آغاز مسجد نبوی ﷺ  کے امام کی تلاوت پاک سے ہوا

قومی اسمبلی ، اجلاس کا آغاز مسجد نبوی ﷺ کے امام کی تلاوت پاک سے ہوا

قومی اسمبلی کے اجلاس کی کارروائی مسجد نبویؐ کے امام ڈاکٹر صالح بن محمد البدیر کی تلاوت کلام پاک سے شروع ہوئی، پورے ایوان نے مسجد نبویؐ کے امام کا بھرپور خیرمقدم کیا۔ جمعہ کو قومی اسمبلی میں اجلاس کے آغاز پر سپیکر قومی اسمبلی سردار ایازصادق نے کہاکہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ مسجد نبوی کے امام ہمارے درمیان موجود ہیں۔ پورے ایوان کی طرف سے معزز مہمان کو دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتا ہوں ۔

انہوں نے کہاکہ آپ کی موجودگی ہم سب کے لئے قابل فخر اور اطمینان کا باعث ہے۔ مسجد نبوی سے ہم سب کی ہی نہیں پورے عالم اسلام کی روحانی وابستگی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم آپ کی رہنمائی سے مستفید ہونے کے خواہش مند ہیں۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ہمیں نبی پاک ؐ کے اسوہ حسنہ پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے۔ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف ، پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، مولانا فضل الرحمن اور قائد حزب اختلاف عمر ایوب خان نے بھی قومی اسمبلی کے اجلاس میں مسجد نبوی کے امام ڈاکٹر صالح بن محمد البدیر کی تلاوت اور موجودگی کو باعث سعادت قرار دیا۔اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے مہمانوں کی گیلری میں موجود سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کا بھی خیرمقدم کیااور کہا کہ وہ پاکستان میں سعودی عرب کے ہی نہیں ہمارے بھی سفیر ہیں۔

-- مزید آگے پہنچایے --