پیرس اولمپکس 2024ء، پاکستانی شوٹر جی ایم بشیر کا سفر بھی اختتام پذیر

پیرس اولمپکس 2024ء، پاکستانی شوٹر جی ایم بشیر کا سفر بھی اختتام پذیر

پاکستان کا ایک اور ایتھلیٹ پیرس اولمپکس میں اپنے ایونٹ کے پہلے ہی راؤنڈ سے باہر ہوگیا، 25 میٹر ریپڈ پسٹل کے مقابلوں شریک غلام مصطفیٰ بشیر کوالیفیکشن راؤنڈ میں ٹاپ 6 میں جگہ نہ بناسکے۔پیرس اولمپکس میں اتوار کو شوٹنگ کے 25 میٹر ریپڈ فائر کوالیفیکشن کے دو مراحل ہوئے جس میں جی ایم بشیر نے مجموعی طور پر 581 پوائنٹس حاصل کیے اور میڈل راؤنڈ میں جگہ بنانے والے ٹاپ 6 شوٹرز کی فہرست میں آنے سے محروم رہ گئے۔

پہلے مرحلے میں انہوں نے 292 پوائنٹس حاصل کیے جہاں 8 سیکنڈز کی پہلی سیریز میں 98 پوائنٹس حاصل کیے جبکہ 6 سیکنڈز والی دوسری سیریز میں انہوں نے 99 پوائنٹس لیے، چار سیکنڈز کی سیریز میں جی ایم بشیر 95 پوائنٹس لے سکے۔دوسرے مرحلے میں جی ایم بشیر اپنی صلاحیتوں کے مطابق نہ کھیل سکے اور تین سیریز میں بالترتیب 97، 97 اور 95 کا اسکور کیا جو ان کو ٹاپ 6 میں لانے کیلئے کافی نہ تھا۔ یوں جی ایم بشیر کا اولمپک سفر بھی ختم ہوا۔ پیرس اولمپکس کیلئے جانے والے 7 میں سے 6 کھلاڑی خالی ہاتھ ہی اپنا سفر ختم کرچکے ہیں اور اب پاکستان کی تمام تر امیدیں ارشد ندیم سے ہیں جو 6 اگست کو اپنے ایونٹ کے ابتدائی راؤنڈ میں اور فائنل میں آنے کی صورت میں 8 اگست کو ایکشن میں ہوں گے۔

-- مزید آگے پہنچایے --