یوم شہدائے پولیس آج منایا جا رہا

یوم شہدائے پولیس آج منایا جا رہا

محکمہ پولیس کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے آج قومی پولیس شہداء کا دن منایا جا رہا ہے۔اس دن کا مقصد قوم کے بہادر پولیس اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرنا اور ان کے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی کرنا ہے۔امن کے قیام کے لیے پولیس فورس کی قربانیوں کو سراہنے کے لیے ملک بھر میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

یوم شہدائے پولیس کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے تمام پولیس شہداء کی لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ شہداء کی عزت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور پنجاب حکومت شہداء کے خاندانوں کی فلاح و بہبود کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔یوم شہدائے پولیس کے حوالے سے مرکزی تقریب آج پشاور میں پولیس شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ہو رہی ہے۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس آپریشنز کاشف ذوالفقار اور کے پی پولیس کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر شہزادہ کوکب فاروق نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ یوم شہداء کو باوقار طریقے سے منایا جائے گا۔بلڈ ڈونیشن کیمپس کا انعقاد کیا گیا ہے۔گزشتہ دو دہائیوں کے دوران ایڈیشنل آئی جی پی کے عہدے تک کے سینکڑوں پولیس افسران شہید ہو چکے ہیں۔

گورنر خیبرپختونخوا اور وزیر اعلیٰ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس کی قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔اپنے پیغام میں گورنر نے کہا کہ قوم مادر وطن کے تحفظ کے لیے پولیس فورس کی خدمات اور قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔اس موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے پولیس فورس کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت انہیں فرائض کی احسن طریقے سے انجام دہی کے لیے تمام ضروری مدد فراہم کرے گی۔

-- مزید آگے پہنچایے --