دہشت گردی کے خلاف کامیابی میں پولیس فورس کا نمایاں کردار ہے، صدر مملکت

دہشت گردی کے خلاف کامیابی میں پولیس فورس کا نمایاں کردار ہے، صدر مملکت

صدر  آصف علی زرداری نے یوم شہدائے پولیس پر شہداء کوخراج عقیدت پیش کیا۔ صدر آصف علی زرداری نے یوم شہدائے پولیس پر اپنے بیان میں کہا کہ قوم کےلیےجانوں کا نذرانہ پیش کرنےوالے پولیس اہلکاروں کی بے مثال جرات اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس کے شہداء نے گراں قدر خدمات انجام دی۔صدر مملکت نے کہا کہ پولیس نے دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑتے ہوئے جانوں کا نذرانہ پیش کیا، پوری قوم کو اپنے بہادر شہداء پر فخر ہے اور دہشت گردی کے خلاف کامیابی میں پولیس فورس کا نمایاں کردار ہے۔

صدر زرداری نے مزید کہا کہ پولیس کے جوان ملک کے مختلف حصوں میں سماج دشمن عناصر اور دہشت گردوں کے خلاف لڑتے ہوئے جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں، پوری قوم کی جانب سے پولیس شہداء کو خدمات اور قربانیوں پر سلام پیش کرتا ہوں۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی یوم شہدائے پولیس پر شہداء کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ تمام پولیس شہدا کی عظیم قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، یوم شہدائے پولیس بہادر سپوتوں کی لازوال قربانیوں کو یاد کرنے کا دن ہے، پولیس شہدا پوری قوم کا فخر ہیں۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ پولیس افسران اورجوانوں نےہمیشہ بطور ہراول دستہ جرائم کی سرکوبی کی ہے، قیام امن کے لئے تمام صوبوں کی پولیس کی مثالی خدمات کو سراہتے ہیں جب کہ دہشتگردی کےخلاف جنگ میں بھی پولیس افسران اور جوانوں نے اپنے لہو سے تاریخ رقم کی۔محسن نقوی نے کہا کہ شہید ایس ایس پی اشرف مارتھ، شہیدکیپٹن مبین سمیت تمام پولیس شہدا ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے، پولیس شہدا کی لازوال قربانیاں ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں جنہیں کبھی فراموش نہیں کیاجاسکتا۔ انکا مزید کہنا تھا کہ یوم شہدائے پولیس پر شہدا کے خاندانوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کااظہار کرتے ہیں۔

-- مزید آگے پہنچایے --