آج سے بدھ تک ملک میں بارشوں کی پیش گوئی

آج سے بدھ تک ملک میں بارشوں کی پیش گوئی

محکمہ موسمیات نے مون سون ہواؤں کے باعث آج سے بدھ تک ملک میں بارشوں کی پیش گوئی کردی،محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ آج کشمیر، اسلام آباد پنجاب اور بالائی خیبرپختونخوا میں بارش کا امکان ہے، جب کہ مون سون سسٹم کے باعث آزادکشمیر کے کچھ مقامات میں موسلا دھار بارش ہوئی جس کی وجہ سے برساتی نالوں میں طغیانی آگئی۔سندھ کے ضلع سانگھڑ، میرپورخاص، عمر کوٹ، بدین اور دیگر ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کی جانب سے کراچی میں کل سے بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے ۔

دوسری جانب لاہور میں اس وقت بادلوں کا راج ہے، شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 28 اور زیادہ سے زیادہ 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے لاہور میں بھی بارش کی پیش گوئی بھی کررکھی ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 88 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔

پشاور سمیت صوبے کے بیشتر اضلاع میں آج بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، محکمہ موسمیات نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کاکول میں 41 ،تخت بائی میں 10 ،بالاکوٹ میں 13 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔موسم کے حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ پشاور کا کم سے کم درجہ حرارت 26 ڈگری ریکارڈ کیا گیا اور آج درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، جب کہ پشاور میں ہوا میں نمی کا تناسب 78 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔گزشتہ روز سب سے زیادہ درجہ حرارت ڈی آئی خان سے 44 ڈگری ریکارڈ کیا گیا، سب سے کم مالم جبہ میں 18 ڈگری کیا گیا، شہر میں 29 جولائی تک بارش کا سلسلہ جاری رہےگا۔

-- مزید آگے پہنچایے --