امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ کارکنان کو جہاں رکاوٹ ملے وہیں دھرنا دے دیں، ہم ایک دھرنے کو کئی دھرنوں میں تبدیل کریں گے۔ ایک ویڈیو بیان میں حافظ نعیم الرحمن نے تمام کارکنوں کو اسلام آباد پہنچنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دھرنے کے لیے پورے ملک سے قافلے روانہ ہو چکے ہیں، تمام فسطائیت کے بعد بھی کارکنان کو کہتا ہوں کہ مینیج کریں اور دھرنے میں پہنچیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم پر امن لوگ ہیں اور پر امن رہنا چاہتے ہیں، اس کی ذمے داری حکومت پر آتی ہے کے وہ کیسے امن قائم رکھتے ہیں؟ تمام نمائندگان کو کہتا ہوں جہاں رکاوٹ ملے وہیں دھرنا دے دیں، ہم ایک دھرنے کو کئی دھرنوں میں تبدیل کریں گے۔امیر جماعت اسلامی کے مطابق کارکنان کو کہتا ہوں رکاوٹ کے اگے دھرنا دے کر قیادت کی کال کا انتظار کریں، ہم بتائیں گے کہ عوام کی طاقت کو کنٹینر لگا کر نہیں روکا جا سکتا، ہمیں بجلی کے بل کم چاہیے اور آئی پی پیز سے چھٹکارہ چاہیے۔
دوسری جانب اسلام آباد میں جماعت اسلامی کے دھرنے کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت کا ریڈ زون کنٹینرز لگاکر سیل کردیا گیا۔ڈی چوک پر جماعت اسلامی کا دھرنا روکنے کے لیے انتظامیہ نے حکمت عملی مرتب کرلی، پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات کردی گئی ہے۔