پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کے احتجاج کے پیش نظر ریڈ زون سیل

پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کے احتجاج کے پیش نظر ریڈ زون سیل

پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) اور جماعت اسلامی کے احتجاج کے پیش نظر حکومت نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے ریڈ زون کو سیل کرنا شروع کردیا۔پاکستان تحریک انصاف اور اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان نے کل ملک بھر میں احتجاج کا اعلان کیا ہے جبکہ جماعت اسلامی نے بھی مہنگائی اور بجلی کی زائد قیمتوں کے خلاف اسلام آباد میں دھرنا دینے کا اعلان کیا ہے۔

پی ٹی آئی کے رہنما اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے کہا کہ عمران خان نے سب کو یہ پیغام دیا کہ کل کی جو کال تحریک تحفظ آئین نے دی ہے اس کو کامیاب بنائیں، پر امن احتجاج کریں، ہمارے احتجاج ہمیشہ پر امن رہے ہیں۔دوسری جانب جماعت اسلامی نے اسلام آباد میں دھرنا دینے کا اعلان کیا ہے۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے گوجرانوالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 26جولائی کو جماعت اسلامی کا اسلام آباد میں دھرنا ہوگا اور جماعت اسلامی 25 کروڑ عوام کا مقدمہ لڑے گی۔انہوں نے کہا کہ بجلی کے بلوں نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے اور عوام اپنی چیزیں اور زیورات بیچ کر بل ادا کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت امن وامان، صحت اور تعلیم کی سہولتیں فراہم کرے اور اگر حکومت سہولتیں نہیں دے سکتی تو ٹیکس کیوں لگا رہی ہے۔حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ پورے ملک سے قافلے اسلام آباد کی جانب روانہ ہوچکے ہیں لہٰذا حکومت دھرنے کے راستے میں رکاوٹیں ڈالنے سے گریز کرے۔

انہوں نے چھاپے ہمارا راستہ نہیں روک سکتے ورنہ تحریک پورے پاکستان میں پھیلیں گے اور خبردار کیا کہ کہ حکومت نے اسلام آباد میں داخل ہونے سے روکا تو حالات خراب ہوں گے۔ادھر جماعت اسلامی کے مرکزی سیکریٹری جنرل امیر العظیم نے کہا ہے کہ دھرنے کے اعلان کے بعد حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی ہے اور پورے ملک میں جماعت اسلامی کے کارکنان کی گرفتاریاں کی جارہی ہیں۔

جماعت اسلامی نے اپنے کارکنوں کو احتیاط کے ساتھ اسلام آباد پہنچنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگی کے خلاف دھرنا ہر صورت میں دیا جائے گا۔ڈان نیوز کے مطابق اٹک، شیخوپورہ، لاہور سمیت ملک کے مختلف علاقوں سے جماعت اسلامی کے کارکنوں کی گرفتاریوں کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور اب تک متعدد کارکنان و رہنماؤں کو گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔

دوسری جانب اسلام آباد میں جماعت اسلامی کے احتجاج کے پیش نظر اسلام آباد انتظامیہ نے دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے ریڈ زون کو سیل کردیا ہے۔ریڈ زون کو سیل کرنے کے لیے اسلام آباد کے نادرا چوک، سرینا چوک، ایکس پریس چوک پر کنٹینرز پہنچا دیے گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دارالحکومت میں دفعہ 144 کے نفاذ سے کسی احتجاج کی اجازت نہیں۔

-- مزید آگے پہنچایے --