وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ موجودہ دور میں فیصلہ سازی کے لیے ڈیٹا انتہائی اہم ہے، اپنا گھر اسکیم شروع کر رہے ہیں، 25 لاکھ لوگوں کی رجسٹریشن ہوگئی۔مریم نواز نے پنجاب سوشواکنامک رجسٹری کا افتتاح کردیا، لاہور میں منعقدہ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھےشکایات آئیں کہ رمضان پیکج غریبوں کے بجائےڈیروں پر جارہا ہے، پنجاب کےعوام کو رمضان ریلیف پیکج ان کی دہلیز تک پہنچایا۔
مریم نواز نے کہا کہ بی آئی ایس پی کا ڈیٹا بھی اپڈیٹ کرنی کی ضرورت ہے، رجسٹریشن کا آغاز ہوگیا ہے، 25 لاکھ لوگوں کی رجسٹریشن ہوگئی ہے، اپنا گھر اسکیم شروع کرنے لگے ہیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہمارےپاس کسانوں کا پورا ڈیٹا موجود نہیں،کسانوں کا درست ڈیٹا اکٹھا کیا جارہا ہے، موجودہ دور میں فیصلہ سازی کے لیے ڈیٹا انتہائی اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس ٹھیک ڈیٹا ہونا چاہیے تاکہ حکومت جس طبقے کو ریلیف دینا چاہتی ہے، اسے ریلیف دے سکے، خوشی ہے کہ اس سلسلے میں رجسٹریشن شروع ہوگئی ہے، قابل اعتماد ڈیٹا جمع کرنا ایک تکنیکی معاملہ ہے، یہ ڈیٹا سائنس ہے، اس کے لیے ٹریننگ کی ضرورت ہے جو شروع ہوگئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بجلی کے بلوں کا عوام پر بوجھ بہت زیادہ ہے ، اس کو کم کرنے کے لیے منصوبہ لا رہے ہیں، 45 لاکھ صارفین 500 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے ہیں، ان کے لیے سولر منصوبہ لا رہے ہیں، اس سے بجلی کے بل آدھا ہو جائیں گے۔