ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ: پاکستان نے متحدہ عرب امارات کو 10 وکٹوں سے ہرادیا۔

ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ: پاکستان نے متحدہ عرب امارات کو 10 وکٹوں سے ہرادیا۔

اے سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ میں پاکستان ویمنز نے بولرز کی عمدہ کارکردگی اور گل فیروزہ اور منیبہ علی کی ایک اور شاندار اوپننگ سنچری شراکت کے نتیجے میں متحدہ عرب امارات ویمنز کو 10 وکٹوں سے شکست دے دی۔

گل فیروزہ نے آؤٹ ہوئے بغیر 62 رنز اسکور کیے جو ان کی لگاتار دوسری نصف سنچری ہے۔ منیبہ علی نے 37 رنز ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیلی۔ ان دونوں نے پہلی وکٹ کی ناقابل شکست شراکت میں 107 رنز کا اضافہ کرکے پاکستان کو جیت سے ہمکنار کردیا۔

نیپال کے خلاف بھی ان دونوں نے سنچری اوپننگ پارٹنرشپ قائم کی تھی۔

یہ اس ٹورنامنٹ میں پاکستان کی دوسری کامیابی ہے۔ اس سے قبل اس نے نیپال کو 9 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ متحدہ عرب امارات کی ٹیم مسلسل تیسرا میچ ہاری ہے۔

ندا ڈار نے مسلسل تیسری مرتبہ ٹاس جیتا اور متحدہ عرب امارات کو پہلے بیٹنگ دی ۔
متحدہ عرب امارات کی ٹیم 8 وکٹوں کے نقصان پر 103 رنز بنانے میں کامیاب ہوسکی۔

پاکستان نے 14.1 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے ہدف پورا کرلیا۔

متحدہ عرب امارات کی طرف سے تھیرتھا ستیش نے پانچ چوکوں کی مدد سے 40 رنز اسکور کیے۔ اس موقع پر متحدہ عرب امارات کی دو وکٹیں 52 رنز پر گری تھیں لیکن پاکستان کی بولرز کی عمدہ کارکردگی پر 46 رنز کے اضافے پر اس کی 6 وکٹیں گرگئیں۔
سعدیہ اقبال، طوبٰی حسن اور نشرہ سندھو نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان کی اننگز میں گل فیروزہ نے اعتماد سے بیٹنگ کرتے ہوئے62 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئیں۔ ان کی اننگز میں 8 چوکے شامل تھے۔
منیبہ علی نے 4 چوکوں کی مدد سے 37 رنز اسکور کیے اور وہ بھی ناٹ آؤٹ رہیں ۔ ان دونوں کی107 رنز کی ناقابل شکست شراکت مکمل طور پر حریف بولرز پر چھائی رہی۔

مختصر اسکور۔
متحدہ عرب امارات 103 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ ( 20 اوورز ) ۔ تھیرتھا ستیش 40۔ سعدیہ اقبال 11 / 2 وکٹ ۔طوبیٰ حسن 17 / 2 وکٹ ۔ نشرہ سندھو 22 / 2 وکٹ ۔
پاکستان 107 رنز کوئی کھلاڑی آؤٹ نہیں ( 14.1 اوورز )۔ گل فیروزہ 62 ناٹ آؤٹ ۔ منیبہ علی 37 ناٹ آؤٹ ۔
نتیجہ ۔ پاکستان نے 10 وکٹوں سے میچ جیتا۔

-- مزید آگے پہنچایے --