وزیراعظم محمد شہبازشریف نے پاکستانی خواتین کی ہر شعبے میں گراں قدر خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت ملک بھر کی تمام باصلاحیت خواتین کو یکساں مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔وہ عالمی شہرت یافتہ پاکستانی کوہ پیما نائلہ کیانی سے گفتگو کررہے تھے جنہوں نے وزیراعظم ہاؤس میں ان سے ملاقات کی۔وزیراعظم نے کہا کہ خواتین کو مختلف شعبوں بشمول انفارمیشن ٹیکنالوجی، تعلیم، پیشہ ورانہ تربیت، کھیل اور دیگر شعبوں میں سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات کا حصہ ہے۔
وزیراعظم نے نائلہ کو 8000 میٹر سے بلند 11 چوٹیوں کو سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون بننے پر مبارکباد دیتے ہوئے اسے پاکستان کے لیے فخر کا لمحہ قرار دیا۔انہوں نے نائلہ کیانی کو حال ہی میں 8,485 میٹر بلند پانچویں بلند ترین چوٹی ماؤنٹ مکالو سر کرنے پر بھی مبارکباد دی۔وزیر اعظم شہباز شریف نے تعلیم کے لیے اعزازی سفیر کے طور پر ان کے کام اور کوہ پیمائی کے شعبے میں پیشہ ورانہ تربیت کے فروغ کے لیے ان کی کوششوں کو بھی سراہا۔
نائلہ کیانی نے خواتین کی ترقی پر توجہ دینے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور کوہ پیمائی کے شعبے میں خصوصی تربیت اور پیشہ ورانہ تعلیم کے لیے تجاویز پیش کیں۔وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ ان تجاویز پر عمل درآمد کے لیے ایک جامع منصوبہ تیار کریں۔اجلاس میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وزیر اعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم، چیئرمین پی ایم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان اور دیگر متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔