امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے بنوں حملے میں فوجی جوانوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ترجمان پینٹاگون میجر جنرل پیٹ ریڈر نے بنوں حملے میں فوجی جوانوں کی شہادت پر افسوس کا اظہارکرتے ہوئے لواحقین سے اظہار ہمدردی بھی کیا۔انہوں نے کہا کہ انسداد دہشت گردی کے لیے امریکا اور پاکستان ماضی میں بھی کام کر چکے ہیں، ایسے طریقوں پر بات کرتے رہتے ہیں جن سے ہم مل کر کام کر سکتے ہیں۔
ترجمان پینٹاگون کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ سکیورٹی تعاون کے تعلقات کو برقرار رکھتے ہیں۔پاکستان کو جدید امریکی ہتھیار فراہم کرنے کے سوال پر ترجمان نے کہاکہ ان کے پاس اعلان کرنے کو کچھ نہیں، پاکستان کے ساتھ سکیورٹی تعاون کے تعلقات برقرار ہیں۔یاد رہے کہ بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشتگرد حملوں میں 10 فوجی جوان اور 5 شہری شہید ہوگئے، شہید ہونے والے شہریوں میں 2 لیڈی ہیلتھ ورکرز اور 2 بچے بھی شامل ہیں۔