یورو کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں انگلینڈ نے نیدرلینڈز کو ایک کےمقابلے میں دو گول سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔جرمن شہر Dortmund میں کھیلے گئے یورو کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں نیدرلینڈز اور انگلینڈ کے درمیان اچھا مقابلہ ہوا۔نیدرلینڈز نے میچ کے ساتویں منٹ میں گول کرکے انگلینڈ کے خلاف برتری حاصل کی۔ نیدرلینڈزکی جانب سے زاوی سمنز نے گول اسکور کیا۔
انگلینڈ کے خلاف نیدرلینڈز کی برتری زیادہ دیر نہیں رہی، انگلش ٹیم کے کھلاڑی ہیری کین نے میچ کے 18 ویں منٹ میں پینلٹی پر شاندار گول کرکے اسکور ایک ایک سے برابر کر دیا۔پہلے ہاف میں اسکور ایک ایک رہا، دوسرے ہاف میں بھی دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے خلاف اٹیک کیا لیکن میچ کے 90 ویں منٹ میں انگلش کھلاڑی اولی ویٹکنز نے گول کرکے اپنی ٹیم کو دو ایک کی برتری دلادی جو مقررہ وقت تک برقرار رہی۔یوں انگلینڈ نے نیدرلینڈز کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر یورو کپ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔یورو کپ کا فائنل اتوار کو انگلینڈ اور اسپین کے درمیان برلن میں کھیلا جائے گا۔