وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کے نو منتخب صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کو ٹیلی فون کرکے صدارتی الیکشن میں کامیابی پر مبار کباد دی ہے۔گزشتہ دنوں ایران کے صدارتی الیکشن میں مسعود پزشکیان نے کامیابی حاصل کی۔ایرانی صدارتی الیکشن کے دوسرے مرحلے (رن آف) میں اصلاح پسند امیدوار مسعود پزشکیان ایک کروڑ 63 لاکھ ووٹ لے کر نئے صدر منتخب ہوگئے جبکہ ان کے مدمقابل رجعت پسند سعید جلیلی ایک کروڑ 35 لاکھ ووٹ لے سکے۔
صدارتی الیکشن جیتنے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے ڈاکٹر مسعود پزشکیان کو فون کرکے مبارک باد دی اور ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اور ایران مشترکہ تاریخ، عقیدے، ثقافت اور روایات کے بندھن میں بندھے ہوئے ہیں،دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کےلیے مل کر کام کرنے کے منتظر ہیں۔
دوسری جانب نومنتخب ایرانی صدر نے بھی دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے علاقائی امور پر تبادلہ خیال،قریبی رابطہ اور مشاورت جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے ایران کے نو منتخب صدر کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔