ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی)، سید علی رضا نے کہا ہے کہ گزشتہ روز وفاقی پولیس کے صبح سویرے آپریشن کے دوران تین کار چور ہلاک ہوئے جس سے بین الصوبائی گینگ کی کارروائیوں کو بڑا دھچکا لگا ہے۔سرکاری ٹی وی چینل پر انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے مزید بتایا کہ تینوں کار چور دراصل اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوئے پولیس کی فائرنگ سے نہیں۔
ڈی آئی جی کا کہنا تھا کہ ملزمان نے دو کاروں سے پولیس پر فائرنگ کی لیکن ایک کار سے ان کے اپنے ساتھیوں کی گولیوں سے ان کے گینگ کے تین افراد ہلاک ہو گئے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ فائرنگ سے ایک خاتون بھی زخمی ہوئی ہے۔ تاہم پولیس نے لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا۔انہوں نے مزید کہا، “پولیس نے کار سے متعدد غیر رجسٹرڈ نمبر پلیٹس، جیمرز، موبلائزر، اگنیشن بریکر، ایک ایس ایم جی گن اور پستول برآمد کیے۔
ڈی آئی جی نے مزید کہا کہ “یہ ایک بدنام زمانہ بین الصوبائی گینگ تھا جو مختلف اضلاع میں کار چوری کے ساتھ ساتھ قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں پر براہ راست حملوں میں ملوث تھا۔”پولیس نے گینگ کے راستے کا پتہ لگایا، چوکیاں قائم کیں اور جال بچھا دیا۔
جب یہ گینگ کشمیر چوک کے قریب پہنچا تو انہوں نے پولیس پر فائرنگ کی اور فرار ہونے کی کوشش کی تاہم ان کے اپنے ساتھیوں نے ان میں سے تین کو ہلاک کر دیا جبکہ دیگر فرار ہو گئے۔