وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پولیو کے خاتمےکےلیےٹاسک فورس کا اجلاس ہوا جس میں گیٹس فاؤنڈیشن کے سربراہ بل گیٹس نے بھی شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر ملک سے پولیوکے خاتمے کےلیے پرعزم ہے۔وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ اپنے بچوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کے لیے ملک کوپولیو سے پاک کرنا ہے، حکومت ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے تمام وسائل بروئے کارلائے گی، ہمیں اس مسئلے سے مؤثرانداز میں نمٹنا ہے۔
وزیر اعظم نے بتایا کہ گزشتہ 6 ماہ میں انسداد پولیو کی 6 مہمات مکمل کی گئی ہیں۔وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں گزشتہ تین سالوں میں پولیوکے خاتمے کے لیے مالی معاونت میں اضافہ ہوا،گزشتہ دو سالوں میں انسداد پولیوکے لیےمالی معاونت کا 30 فیصد حصہ گیٹس فاؤنڈیشن کا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان میں پولیو کے خاتمے، بنیادی صحت اور بچوں کی بہتر نشونما میں گیٹس فاؤنڈیشن کی خدمات قابل ستائش ہیں۔شہباز شریف نے ڈیجیٹلائزیشن کے عمل میں تعاون پر بھی بل گیٹس کا شکریہ ادا کیا۔
وزیر اعظم نے بل گیٹس سے کہا کہ انسانیت کے لیے آپ کی خدمات لائق تحسین ہیں، ملک میں صحت کے شعبے میں آپ کی خدمات سے پاکستان مستفید ہورہا ہے۔اجلاس میں بل گیٹس کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ انسداد پولیو اورصحت کے دیگر شعبوں میں کام کرنے کے لیے پرعزم ہیں، پاکستان میں ڈیجیٹلائزیشن کا منصوبہ ہماری ترجیح ہے۔بل گیٹس کا کہا کہ پوری تن دہی سے آئندہ 6 میں کام کرنا ہے، پاکستان سے پولیوکے مکمل خاتمے کے لیے ترجیحی بنیادوں پرکام کرنا ہوگا۔