امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا ہے کہ امریکا بھارت اور پاکستان کے درمیان براہ راست بات چیت کی حمایت کرتا ہے۔واشنگٹن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امریکی ترجمان نے کہا دونوں ممالک کے درمیان بات چیت کی رفتار، دائرہ کار اور کردار کا تعین امریکا کو نہیں بلکہ دونوں ممالک کو خود کرنا ہے۔
میتھیو ملر نے کہا کہ علاقائی سلامتی کو لاحق خطرات سے نمٹنے میں امریکا اور پاکستان کا مشترکہ مفاد ہے، پاک امریکا عسکری رابطوں کی حمایت کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ انسداد دہشتگردی ڈائیلاگ کے ذریعے پاکستان کے ساتھ سکیورٹی شراکت داری جاری ہے۔