پاکستان ویٹ لفٹنگ فیڈریشن (عبوری کمیٹی) اور پاکستان سپورٹس بورڈ کے زیر انتظام پاکستان کے دو ویٹ لفٹرز حیدر سلطان 61 کیٹیگری اور دانیال آفتاب 89 کیٹیگری، کازان روس میں ہونے والی برکس گیمز میں شرکت کے لئے روانہ ہوئے۔ ان کے ساتھ شجاع الدین ملک کوچ کے فرائض انجام دیں گے جو کامن ویلتھ گیمز 2006 کے گولڈ میڈلسٹ اور تمغہ امتیاز حاصل کر چکے ہیں۔ان گیمز میں ویٹ لفٹنگ کے مقابلے 13 سے: 16 جون کازان میں منعقد ہونگے۔
ٹیم کی روانگی پر ڈاکٹر حافظ ظفر اقبال ممبر عبوری کمیٹی ، پروفیسر خضر حیات راجہ ، ثاقب فیاض، اور بہت سارے ویٹ لفٹنگ سے وابستہ دوستوں نے نیک تمناؤں کے ساتھ ٹیم کو رخصت کیا۔ ڈاکٹر حافظ ظفر اقبال نے بہترین کارکردگی دکھانے اور پاکستان کا نام بلند کرنے پر زور دیا اور کھلاڑیوں کے لئے بین الاقوامی سٹیج پر اپنی کارکردگی دکھانے کا شاندار موقع فراہم کرنے پر پاکستان سپورٹس بورڈ کے تمام حکام بالا کا شکریہ ادا کیا جن کی کاوشوں سے کھلاڑی برکس گیمز کے پلیٹ فارم پر اپنی کارکردگی دکھائیں گے۔
اس کے ساتھ انہوں نے نوجوان کھلاڑیوں کو یہ پیغام بھی دیا کہ وہ دلجمعی سے اپنی ٹریننگ کریں اور خوب محنت کریں تاکہ آنے والے بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کریں اور پاکستان کا نام روشن کریں۔ آئندہ تمام کھلاڑی میرٹ پر پاکستان کی نمائندگی کریں گے پاکستان کی ٹیم میں شمولیت اور نمائیندگی صرف میرٹ پر ہوگی۔ میرٹ ہی واحد راستہ ہے جس پر چل کر ترقی کی منازل طے کی جا سکتی ہیں۔