انسداد دہشتگری عدالت اسلام آباد نے پی ٹی آئی وکلاء کیخلاف خاور مانیکا کو تشدد کا نشانہ بنانے پر درج مقدمے پر سماعت کے دوران شامل تفتیش ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت کل تک ملتوی کردی ۔انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد میں پی ٹی آئی وکلاء کے خلاف خاور مانیکا کو تشدد کا نشانہ بنانے پر درج مقدمے پر سماعت جج طاہر عباس سپرا نے کی، پی ٹی آئی وکلاء زاہد ڈار ایڈووکیٹ برکی مرزا ، عاصم بیگ سمیت مقدمے میں نامزد افراد عدالت پیش ہوئے ۔
انسداد دہشتگردی عدالت میں پی ٹی آئی وکلاء کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ بار اور ڈسٹرکٹ بار کے نمائندے بھی عدالت پیش ہوئے ، پی ٹی آئی وکیل سردار مصروف انصر کیانی ، رضوان ایڈووکیٹ ، اسلام آباد ہائی کورٹ بار کے صدر ریاست آزاد ڈسٹرکٹ بار کے صدر شکیل عباسی، سیکرٹری شورش حسن عدالت پیش ہوئے۔دوران سماعت تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان ابھی تک شامل تفتیش نہیں ہوئے نہ ہی تعاون کیا، جج طاہر عباس سپرا نے ملزمان کو شامل تفتیش ہونے کے لئے آخری موقع دیتے ہوئے ہدایت کی کہ وکلا آج ہی شامل تفتیش ہوں ۔
بعدازاں عدالت نے درخواست ضمانت پر سماعت کل تک کے لیے ملتوی کر دی۔