ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ، امریکا نے کرکٹ کی سپر پاور پاکستان کو شکست دیدی

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ، امریکا نے کرکٹ کی سپر پاور پاکستان کو شکست دیدی

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے گروپ ’اے‘ کے میچ میں امریکا نے پاکستان کو سپر اوور میں شکست دے دی۔امریکا نے سپر اوور میں 18 رنز بنا کر پاکستان کی ٹیم کو جیت کیلئے 19 رنز کا ہدف تاہم پاکستان کی ٹیم صرف 13 رنز سکور کرنے میں کامیاب ہوسکی، اس طرح امریکا کی ٹیم جو پہلا ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ کھیل رہی ہے نے بڑا اپ سیٹ کرتے ہوئے کرکٹ کی سپر پاور پاکستان کو شکست دیدی۔

ڈیلاس میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان کی طرف سے کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا، لیکن دونوں کی مقبول جوڑی اس میچ میں بڑی شراکت نہ بنا پائی اور 9 کے مجموعے پر محمد رضوان، سوربھ نیٹروالکر کی گیند پر سلپ پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

رضوان کے آؤٹ ہونے کے بعد محمد عثمان کریز پر آئے لیکن وہ بھی کپتان کا ساتھ نہ نبھا سکے اور 3 کے انفرادی اسکور پر نوستھش کینجیے کی وکٹ بن گئے۔

چوتھے نمبر بیٹنگ کے لیے آنے والے فخر زمان جارحانہ انداز میں نظر آئے لیکن وہ بھی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور 26 کے مجموعی اسکور پر 11 کے انفرادی اسکور کے بعد کیچ آؤٹ ہوگئے۔

شاداب خان نے بابر اعظم کے ساتھ مل کر ٹیم کو سہارا دیا اور عمدہ شراکت قائم کی اور ٹیم کا اسکور 98 رنز بنایا، لیکن 40 رنز بنانے والے شاداب کی ہمت اس موقع پر جواب دے گئی اور وہ کینجیے کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔

اس کے بعد کریز پر آنے والے اعظم خان اسکور میں کوئی اضافہ کیے بغیر ہی ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے اور یوں پاکستان کی آدھی ٹیم 98 رنز پر پویلین لوٹ چکی تھی۔

پاکستان کے چھٹے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی بابر اعظم تھے جنہوں نے 44 رنز کی عمدہ لیکن سست اننگز کھیلی۔

افتخار احمد کی اننگز 18 کے انفرادی اسکور پر تمام ہوئی جس کے بعد اننگز کے آخری اوورز میں شاہین شاہ آفریدی کے 23 اور حارث رؤف کے 3 رنز کی ناقابل شکست اننگز نے پاکستان کو مناسب اسکور تک پہنچایا۔

یوں پاکستان نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے۔

امریکا کی جانب سے نوستھش کینجیے، سوربھ نیٹروالکر نے 2 جبکہ علی خان اور جسدیپ سنگھ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

امریکا کے اوپنرز نے ہدف کے تعاقب میں 36 رنز کا آغاز فراہم کیا جس کے بعد پاکستان کو اسٹیون ٹیلر کی وکٹ کی صورت میں پہلی کامیابی ملی۔

اس کے بعد آندریز گوس اور کپتان کپتان مونانک پٹیل نے شاندار بلے بازی کی اور ٹیم کا اسکور 104 تک پہنچایا، جس کے بعد گوس 35 رنز بناکر حارث رؤف کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

امریکا کی تیسری وکٹ کے لیے بھی پاکستان کو زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑا اور شاندار 50 رنز بنانے والے مونانک پٹیل، محمد عامر کی وکٹ بن گئے۔

ابتدائی طور پر ناقص باؤلنگ کے بعد اس موقع پر پاکستانی باؤلرز نے نپی تلی باؤلنگ کرائی اور اس کی جیت کے امکانات دکھائی دینے لگے۔

تاہم دوسری جانب امریکی بلے باز بھی صبر و تحمل سے اسکور آگے بڑھاتے رہے اور میچ کو دلچسپ مرحلے میں داخل کرا دیا۔

امریکا کو آخری اوور میں فتح کے لیے 15 رنز چاہیے لیکن وہ حارث رؤف کے اس اوور میں ایک چھکے اور ایک چوکے کی مدد سے 14 بنا سکی اور یوں میچ ٹائی ہوگیا۔

پاکستان کی جانب سے سپر اوور محمد عامر نے کرایا جو مہنگا ثابت ہوا اور امریکا نے 18 رنز بنا کر پاکستان کو 19 رنز کا ہدف دیا۔

-- مزید آگے پہنچایے --