چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی انگلش ہم منصب کو دورہ پاکستان کی دعوت

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی انگلش ہم منصب کو دورہ پاکستان کی دعوت

 چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے انگلینڈ و ویلز کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رچرڈ تھامسن و چیف ایگزیکٹو آفیسر رچرڈ گولڈ سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران حالیہ پاکستان انگلینڈ ٹی 20 سیریز اور آئندہ ہونے والی کرکٹ سیریز پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ اکتوبر میں پاکستان میں پاک انگلینڈ ٹیسٹ کرکٹ سیریز پر بھی بات چیت ہوئی۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے چیئرمین انگلینڈ و ویلز کرکٹ بورڈ رچرڈ تھامسن کو پاک انگلینڈ سیریز پر دورہ پاکستان کی دعوت دی اور ٹی 20 کرکٹ سیریز میں بہترین انتظامات پر شکریہ ادا کیا۔ملاقات میں ٹی 20 ورلڈ کپ کی تیاریوں کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی، دونوں چیئرمینز نے ٹی 20 ورلڈ کپ کے لئے ایک دوسرے کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور محسن نقوی نے آئندہ برس پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد کے انتظامات سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے لئے سٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کے کام کا آغاز کر دیا، پاکستان میں کرکٹ ٹیموں کے لئے ہر لحاظ سے فول پروف انتظامات کیے جائیں گے، کرکٹ کھیل کے ساتھ دلوں کو جوڑتا ہے۔

چیئرمین انگلینڈ و ویلز کرکٹ بورڈ رچرڈ تھامسن نے چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے پی سی بی کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔دونوں چیئرمینز کی ملاقات کے موقع پر چیف آپریٹنگ آفیسر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سلمان نصیر بھی موجود تھے۔

-- مزید آگے پہنچایے --