پاکستان سمیت دنیا بھر میں اقوام متحدہ کے امن دستوں کا عالمی دن آج منایا جارہا ہے۔اس حوالے سے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اقوام متحدہ کے امن مشن میں سب سے زیادہ تعاون کرنے والے ممالک میں سے ایک ہے۔آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ان بہادر مرد و خواتین کو خراج تحسین جنہوں نے یو این امن مشنز میں خدمات انجام دیں، اس وقت تقریباً 3000 امن دستے خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق امن دستے کانگو، جنوبی سوڈان، قبرص، مغربی صحارا اور صومالیہ میں خدمات انجام دے رہے ہیں، مجموعی طور پر 181 پاکستانی امن دستوں نے فرائض کی ادائیگی میں قربانیاں دی ہیں۔ترجمان کا کہنا ہے کہ یو این امن مشن میں پاکستان کی شراکت عالمی امن اور سلامتی کے لیے ہمارے عزم کا ثبوت ہے، پاکستانی امن دستے آفت زدہ علاقوں میں مقامی کمیونٹیز کی بہتری کے لیے خدمات جاری رکھیں گے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پاکستان یو این امن دستوں کی حفاظت اور سلامتی کو بہتر بنانے کے اقدامات کی حمایت کرتا ہے۔واضح رہے کہ ہر سال 29 مئی کو دنیا بھر میں اقوام متحدہ کے امن دستوں کا عالمی دن (انٹرنیشنل ڈے آف یونائیٹڈ نیشنز پیس کیپرز) منایا جاتا ہے۔اس موقع پر اقوام متحدہ کی طرف سے پاکستان سمیت امن مشن میں شامل دیگر ممالک کی امن کوششوں کو بھرپور انداز میں سراہا جاتا ہے۔