چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام روبینہ خالد نے بی آئی ایس پی سے مستفید ہونے والے افراد کو خبردار کیا ہے کہ وہ خود کو دھوکہ بازوں سے محفوظ رکھنے کیلئے8171 کے سواکسی دوسرے نمبر پر اعتماد نہ کریں۔انہوں نے یہ بات پشاور میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ادائیگی مراکز کے دورے کے موقع پر خواتین سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے امدادی رقم وصول کرنے والوں سے کہا کہ وہ سہ ماہی وظیفہ لینے کیلئے نامزد ادائیگی مراکز پر آئیں۔انہوں نے کہا امداد وصول کرنے والے رقم میں کٹوتی یا عملے کی جانب سے بدسلوکی کی صورت میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی ہیلپ لائن0800-26477 پر فوری شکایت درج کرائیں۔بعد میں چیئرپرسن نے پشاور میں بے نظیر انکم سپورٹ آفس کا دورہ کیا۔انہوں نے عملے کو ہدایت کی کہ بزرگ اور بچوں کے ساتھ آنے والی خواتین کو ترجیحی بنیادوںپر ادائیگی کی جائے۔