جماعت اسلامی کا تنظیمی نظام اسلامی ریاست کے قرآن وسنت کے تصور سے اخذ شدہ ہے-اور اس کے مطابق نوجوان اور خواتین کی فلاح و بہبود اور تربیت ترجیح اولین ہیں سوشل میڈیا کے نقصانات اپنی جگہ لیکن جدید دور میں سوشل میڈیا کی اہمیت و فوائد سے چشم پوشی نہیں کی جا سکتی-ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر میڈیا سیل، حلقہ خواتین ، جماعت اسلامی پاکستان ثمینہ سعید نے جے آئی یوتھ ,شعبہ نشرواشاعت ,شعبہ آئی ٹی ،انجمن حریم ادب اور شعبہ اطفال کے مرکزی ذمہ داران کی نشست سے خطاب کے دوران کیا -انہوں نے کہا کہ نوجوان قوم کی امید اور مستقبل ہیں –
پرنٹ ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کے تمام ذرائع کو نوجوانوں کی مثبت اور تعمیری سرگرمیوں کے لیے ضروری سمجھتے ہیں-پاکستان کے بہتر حال اور مستقبل کے لیے ہمیں اپنے وسائل کا بیشتر حصہ نوجوانوں کی فلاح و بہبود پر صرف کرنا چاہیے – نوجوانوں کے لیے مثبت رجحانات اور تعمیری منصوبے متعارف کروانے لازم ہیں -اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر سعدیہ حمنہ، نگران شعبہ نوجوان آمنہ عثمان ،نگران شعبہ نشرواشاعت فریحہ اشرف،نگران آئی ٹی اسماء رشید ،نگران حریم ادب عالیہ شمیم ، اور نگران شعبہ اطفال سعدیہ طہ اپنی ٹیم کے ہمراہ موجود تھیں-نشست میں میڈیا سیل اور شعبہ جات کے باہمی ربط و تعلق پر سیر حاصل گفتگو ہوئی۔