کراچی،بچوں کو منشیات سے محفوظ رکھنے کیلئے اسکولوں پر کڑی نظر رکھنے کا فیصلہ

کراچی،بچوں کو منشیات سے محفوظ رکھنے کیلئے اسکولوں پر کڑی نظر رکھنے کا فیصلہ

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں بچوں کو منشیات سے محفوظ رکھنے کیلئے اسکولوں پر کڑی نظر رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔وزیراعلیٰ سندھ کا ایپکس کمیٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا آج کا اجلاس گزشتہ ایپکس کمیٹی اجلاس کا تسلسل ہے، صدر مملکت نے امن امان پر کل وزیراعلیٰ ہاؤس میں اہم اجلاس کیا، صدر مملکت نے کچے میں ڈاکوؤں کے سہولتکاروں کو بھی گرفت میں لانے اور منشیات کے خلاف آپریشن تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔مراد علی شاہ کا کہنا تھا صدر پاکستان نے زمینوں پر قبصوں کو ناقابل برداشت قرار دیا ہے، صدر زرداری کے احکامات پر سندھ حکومت مکمل عمل کرے گی۔ان کا کہنا تھا سندھ حکومت صوبے میں امن کی بحالی کیلئے سخت اقدامات کر رہی ہے، اسٹریٹ کرائمز اور اغوا برائے تاوان کے خاتمے کیلئے جامع حکمت عملی بنائی ہے، سندھ حکومت ڈرگ مافیا اور اسمگلنگ کے خلاف بھر پور کام کر رہی ہے۔

اجلاس میں صوبائی وزیر ایکسائیز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس شرجیل انعام میمن نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ منشیات کے کاروبار میں ایک نائیجیرین کو گرفتار کیا گیا جبکہ حیدرآباد میں کریک ڈاؤن میں 3 منشیات فروش مقابلے میں مارے گئے۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا منشیات کے کاروبار سے متعلق 164 مقدمات درج کیے اور 166 گرفتاریاں ہوئی ہیں، کریک ڈاون میں 4.3 کلو گرام ہیروئن، 419.472 کلو گرام چرس اور 1200 کلو گرام بھنگ برآمد کی ہے۔وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا منشیات کے عادی افراد کی بحالی کیلئے ادارے قائم کیے جائیں، نارکوٹکس ڈپارٹمنٹ دیگر صوبوں اور وفاقی اداروں کے ساتھ ملکر آپریشن تیز کرے۔سینئر صوبائی وزیر شرجیل میمن نے کہا کہ وزیر داخلہ محسن نقوی کے ساتھ رابطے میں ہیں جبکہ کور کمانڈر کراچی کا کہنا تھا منشیات کے خلاف آپریشن میں سندھ حکومت کی بھر پور مدد کی جائے گی۔

-- مزید آگے پہنچایے --