سابق وزیراعظم و پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے دعویٰ کیا ہے کہ شب معراج کو میرےکھانے میں ٹوائلٹ کلینرکے 3 قطرے ملائے گئے۔عدالت پیشی پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بشریٰ بی بی نے کہا کہ مجھے جیل میں بھی کسی نے بتایا تھا کہ کھانے میں ٹوائلٹ کلینر ڈالا گیا اس کا نام نہیں بتاؤں گی۔
انہوں نے کہا کہ شب معراج کو میرےکھانے میں ٹوائلٹ کلینرکے 3 قطرے ملائے گئے، تحقیق سے پتہ چلا ٹوائلٹ کلینر سے ایک ماہ بعدطبیعت زیادہ خراب ہوتی ہے، مجھے آنکھوں میں سوجن، سینے اور معدے میں تکلیف ہوتی ہے، مجھے کھانا اور پانی بھی کڑوا لگتا ہے۔صحافی نے سوال کیا کہ زہر والے معاملے کی انکوائری ہوئی تو آپ کے پاس کیا ثبوت ہے؟ اس پر انہوں نے کہا کہ میں کہاں سے ثبوت لاؤں؟
ان کا کہنا تھاکہ پہلےکھڑکیاں بند رکھی جاتی تھیں اب کچھ دیرکھول دی جاتی ہیں، مجھے بنی گالا میں باعزت طریقے سے رکھا گیا ہے۔دوسری جانب سابق وزیراعظم عمران خان نے عدالت سے مطالبہ کیا کہ بشریٰ بی بی کا معائنہ شوکت خانم کے ڈاکٹر عاصم یونس سے کرایا جائے۔