عالمی اداروں کا دباؤ کام نہ آیا، امریکا نے ڈھائی ارب ڈالر مالیت کے بم اور جنگی طیارے اسرائیل بھیجنےکا گرین سگنل دے دیا۔رپورٹس کے مطابق یہ فیصلہ امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن کی اسرائیلی وزیر دفاع سے ہونے والی حالیہ ملاقات کے بعد سامنے آیا ہے۔عرب میڈیا کے مطابق فلسطینی وزارت خارجہ نے اسرائیل کو ہتھیاروں کی فراہمی کے امریکی فیصلے پر شدید تنقید کی ہے اور کہا ہےکہ اسرائیل کو شہریوں کی ہلاکت روکنے کا کہنا اور ساتھ ہی ہتھیار فراہم کرنا اُصولی اور اخلاقی تضاد ہے۔
دوسری جانب غزہ میں اسرائیلی فوج کے حملے جاری ہیں، اسرائیلی حملوں میں مزید 80 فلسطینی شہید ہوگئے۔عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہےکہ غزہ سے 9 ہزار مریضوں کو فوری ہنگامی انخلا کی ضرورت ہے، غزہ سےسرطان، بمباری کے زخمی،گردوں کے ڈائیلاسز کےمریضوں کے ہنگامی انخلا کی ضرورت ہے۔عالمی ادارہ صحت کے مطابق دیگر دائمی بیماریوں والے مریضوں کے بھی فوری انخلا کی ضروت ہے۔
ادارے کا کہنا ہےکہ پورے غزہ میں صرف 10 اسپتال محدود صلاحیتوں کے ساتھ فعال ہیں۔ غزہ میں ہزاروں مریض علاج معالجے سے محروم ہیں۔ اسرائیلی حملے سے قبل غزہ میں 36 اسپتال کام کر رہے تھے۔عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہانوم نے مطالبہ کیا ہےکہ اسرائیل ان مریضوں کو علاج کے لیے غزہ سے باہر لے جانےکا عمل تیز کرے۔