پاکستان سپر لیگ( پی ایس ایل) سیزن 9 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نےکراچی کنگز کو دلچسپ مقابلے کے بعد آخری گیند پر شکست دے دی۔کراچی کا 166 رنزکا ہدف کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے آخری گیند پر حاصل کرلیا، شرفانے ردرفورڈ نے 58 رنز کی ناقابل شکست جارحانہ اننگز کھیلی۔کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان رائیلی روسو نے ٹاس جیت کر کراچی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
کراچی نے مقررہ 20 اوورز میں8 وکٹوں کے نقصان پر 165رنز بنائے، جیمز وینس 37 اور محمد نواز نے 28 رنز کی اننگز کھیلی، شان مسعود اور حسن علی 2 ،2 رنز بنا سکے۔اس کے علاوہ ٹم سیفرٹ 21 ، کیرون پولارڈ 13 اور شعیب ملک نے 12 رنز بنائے جبکہ انور علی نے 25 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔کوئٹہ کی جانب سے ابرار احمد نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، عاقل حسین اور اسامہ طارق نے 2 ،2 وکٹیں حاصل کیں۔
آج کے میچ کیلئے کراچی کنگز کی ٹیم میں چار تبدیلیاں کی گئی ہیں، ڈپلائے ، میر حمزا، تبریز شمشی اور عامر خان پلینگ الیون کا حصہ نہیں ہیں۔ان کی جگہ جیمز وینس، انور علی، زاہد محمود اور مرزابانی پلینگ الیون میں شامل ہیں۔دوسری جانب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم میں ایک تبدیلی ہے، محمد عامر کی جگہ سہیل خان پلیئنگ الیون کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ کراچی کنگز کےکھلاڑیوں کا پیٹ خراب ہوا ہے، ٹیم کے کپتان شان مسعود نے بتایا کہ ڈپلائے اسپتال میں داخل ہیں۔ٹیم ذرائع کا بتانا ہے کہ کراچی کنگز کے 3 کھلاڑیوں کو ہوٹل میں ڈرپ لگوائی گئی ہے، کھلاڑیوں نے ہوٹل میں ہی کھانا کھایا جس کے بعد یہ صورتحال پیش آئی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اب تک ٹورنامنٹ میں4 میچز کھیلے ہیں جس میں 3 میں کامیابی اور ایک میں شکست ہوئی۔دوسری جانب کراچی کنگز نے 4 میچز کھیلے ہیں، اسے 2 میں شکست اور 2 میں کامیابی ملی۔