مسلم لیگ ن کی نامزد امیدوار مریم نواز وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہو گئی۔وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے لیے پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج نو منتخب اسپیکر ملک محمد احمد خان کی زیر صدارت ہو رہا ہے۔مریم نواز 220 ووٹ لیکر پاکستان کی تاریخ کی پہلی وزیراعلیٰ منتخب ہوئیں جبکہ ان کے مدمقابل امیدوار رانا آفتاب نے صفر ووٹ حاصل کیا۔
اسمبلی اجلاس شروع ہوا تو اسپیکر کی جانب سے ووٹنگ کا طریقہ کار بتایا گیا لیکن اسپیکر کے اعلان کے ساتھ ہی سنی اتحاد کونسل کے اراکین نے شور شرابہ شروع کر دیا جس پر اسپیکر ملک احمد خان نے انہیں خاموش رہنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ جو کچھ ہو گا آئین کے مطابق ہو گا لیکن اس کے باوجود سنی اتحاد کونسل کے اراکین نے شور شرابہ جاری رکھا اور پھر سنی اتحاد کونسل کے اراکین اسمبلی سے واک آؤٹ کر گئے۔ بعد ازاں اسپیکر ملک احمد خان نے سنی اتحاد کونسل کے ارکان کو منانے کا ٹاسک خلیل طاہر، عمران نذیر، سلمان رفیق، سمیع اللہ، سہیل شوکت اور علی گیلانی کو دیا تاہم سنی اتحاد کونسل کے اراکین ایوان میں واپس نہ آئے اور بائیکاٹ برقرار رکھا، جس پر اسپیکر نے سنی اتحاد کونسل کے اراکین کی غیر موجودگی میں اسمبلی کارروائی کا آغاز کیا اور پھر اراکین نے ووٹ کاسٹ کیے۔